Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

مالی سال 22-2021: جولائی تا اکتوبر میں ہدف سے 232 ارب روپے زائد محصولات کی وصولی

0

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ایک ہزار 840 ارب روپے جمع کیے جو کہ ایک ہزار 608 ارب روپے کے ہدف سے 232 ارب روپے زیادہ ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2020 میں ایک ہزار 341 ارب روپے کے محصولات کے مقابلے میں رواں سال کے پہلے 4 مہینوں (جولائی-اکتوبر) میں محصولات میں 37 فیصد اضافہ ہوا۔

 

ایف بی آر کے مطابق اکتوبر 2021 میں محصولات کی وصولی گزشتہ سال کے 331 ارب روپے سے 33 فیصد اضافی ہے۔

اکتوبر میں یہ 439 ارب روپے رہی جو جولائی تا اکتوبر کے دوران 42 ارب روپے کے اضافے سے 397 ارب روپے کے ہدف سے زیادہ تھی۔

ان اعداد و شمار میں دن کے اختتام (اتوار) سے پہلے اور بک ایڈجسٹمنٹ کو مدنظر رکھنے کے بعد مزید اضافہ ہوگا۔

اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایف بی آر کی کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ میں ایف بی آر کو جولائی/اکتوبر کے لیے ایک ہزار 840 ارب روپے کی ٹیکس وصولی حاصل کرنے پر مبارکباد دینا چاہتا ہوں، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 37 فیصد زیادہ ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ اکتوبر میں ٹیکس اپنے ماہانہ ہدف سے تجاوز کر گیا ہے، یہ سب ایک مضبوط معاشی کارکردگی کی وجہ سے ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ پروپیگنڈا کے برعکس انکم ٹیکس میں بھی 32 فیصد سالانہ اضافہ ہوا ہے۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ اور محصول شوکت ترین نے کہا کہ محصولات کی وصولی درآمدات پر مبنی نہیں تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اکتوبر میں گھریلو ٹیکسوں سے محصولات کی وصولی میں بھی بہتری دیکھی گئی۔

شوکت ترین نے آمدنی میں شاندار کارکردگی کو معیشت کی مجموعی ترقی سے جوڑا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.