پاکستان ٹیلی وژن پر نشر ہونے والا شہرہ آفاق ترک ڈراما ‘ارطغرل غازی’ اور اس کے اداکار تو پہلے ہی پاکستانیوں کے دلوں میں جگہ بنا چکے تھے۔مگر اب گزرتے وقت کے ساتھ ترک ڈرامے کی کاسٹ اور پاکستانی عوام میں رشتہ مزید گہرا ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔حال ہی میں جہاں ‘ارطغرل غازی’ کی مرکزی اداکارہ ایسرا بیلگیچ موبائل برانڈ کی سفیر بنی تھیں، وہیں وہ جلد ہی ایک اور موبائل نیٹ ورک کے اشتہار میں دکھائی دیں گی۔ایسرا بیلگیچ کیو موبائل پاکستان کی سفیر بننے کے بعد جلد جاز کے اشتہار میں بھی دکھائی دیں گی، جس کی ایک روز قبل ہی انہوں نے انسٹاگرام پر جھلک شیئر کی تھی۔ایسرا بیلگیچ کی طرح ‘ارطغرل غازی’ کے بہادر سپاہی ‘ترگت’ بھی عید قرباں کے موقع پر نجی ٹی وی اے آر وائے نیوز کے پروگرام میں شریک ہوں گے اور پاکستانی مداح ان کے انٹرویو کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔لیکن پاکستانیوں کے لیے ایک اور خوشخبری یہ ہے کہ اس عید پر خود ‘ارطغرل غازی’ بھی پاکستانیوں کو اپنی زندگی اور ڈرامے کی کہانی اور کئے راز بتانے ٹی وی پر آ رہے ہیں۔
جی ہاں، ‘ارطغرل غازی’ کے مرکزی اداکارانجین التان دوزیتان بھی اس عید پر پی ٹی وی کے مہمان بنیں گے اور سرکاری ٹی وی ترک اداکار کا اردو میں انٹرویو نشر کرے گا۔
انٹرویو کی مختصر ویڈیو میں ترک اداکار کو اپنی زندگی اور ارطغرل غازی کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے واقعات کو بیان کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔