لاہور،ملتان : سندھ کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ بہت مشکل ہے ، ہمارے کھلاڑی یکطرفہ طور پر میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،شرجیل خان کی صلاحیتوں سے کسی کو انکار نہیں اور ان سے ایونٹ میں شاندار کارکردگی کی امید ہے ۔ سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ٹیم میں سینئر اور جونیئر کھلاڑی ایک دوسرے کو مکمل سپورٹ کرکے بہترین کارکردگی دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ہماری ٹیم نیشنل ٹی ٹونٹی کپ جیتنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے ۔ جارحانہ حکمت عملی ہی ہماری ٹیم کی پہچان اور اسی سوچ کے ساتھ ہم نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں شرکت کررہے ہیں، خوش آئند عمل ہے کہ ایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں بہترین ہیں۔بلوچستان کے کپتان حارث سہیل نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں جیت کیلئے بہت پر جوش ہیں ، ٹائٹل جیتنے کی بھرپور کوشش کرینگے ۔ اس سال بھی سکواڈ میں اچھے باؤلر اور بہترین بیٹسمین موجود ہیں۔ناردرن ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے ٹرافی تھامنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر کھلاڑی سے بہترین کارکردگی کی امید ہے ۔ نوجوان آلراؤنڈر نے کہا کہ حیدر علی اور ذیشان ملک کے علاوہ ناردرن کا تقریباً پرانا سکواڈ ہی برقرار ہے ۔
مشرق مزید