Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

ایٹمی سائنسدان کا قتل، انتقام میں جلد بازی نہیں کرینگے : ایرانی صدر ، اسرائیلی سفارتخانے الرٹ

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

تہران :  ایران کے ایٹمی سائنسدان پروفیسر محسن فخری زادے کے قتل کے بعددنیا بھر میں اسرائیلی سفارت خانوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ایرانی صدر حسن روحانی نے کہاکہ انتقام میں جلد بازی نہیں کرینگے ،دشمن کو وقت آنے پر جواب دیاجائے گا،امریکا نے خلیج میں جنگی بحری بیڑہ تعینات کردیا ،ڈی ڈبلیو کے مطابق ایران کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے جوہری سائنسدان کے قتل کا اسرائیل کو ذمہ دار قراردئیے جانے اور بدلہ لینے کے بیانات پرنیتن یاہو انتظامیہ نے خوفزدہ ہوکر دنیا بھر میں تمام اسرائیلی سفارت خانوں کی سکیورٹی بڑھا دی ،ادھر ایران کے صدر حسن روحانی نے ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے کہا ڈاکٹر فخری کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے ایران جلدی کر کے دشمن کے جال میں پھنسنے کی غلطی نہیں کرے گا،مناسب وقت پر جواب دیاجائے گا۔انہوں نے ایٹمی سائنسدان کے قتل کا الزام اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکا کیلئے کرائے کے فوجی کا کردار ادا کرکے خطے میں انتشار پیدا کرنے کے درپے ہے مگر وہ اپنے مقاصد میں ناکام ہوگا۔روحانی نے مزید کہا ڈاکٹر فخری کے بہیمانہ قتل سے ظاہر ہوتا ہے کہ دشمن دباؤ کا شکار ہیں اورمحسوس کر رہے ہیں کہ بدلتی عالمی صورتحال کی وجہ سے وہ کمزور پڑ رہے ہیں، ایرانی صدرنے کہا دشمنوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ بہادر ایرانی اس مجرمانہ حرکت کا جواب دئیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ،دوسری طرف ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ ڈاکٹر فخری کے قاتلوں کو سزا ملے گی،انہوں اپنے بیان میں کہا شہید ڈاکٹر فخری کامشن جاری رہے گا ،یورپی یونین نے ایرانی نیوکلیئر سائنسدان ڈاکٹر فخری زادے کے قتل کو مجرمانہ حرکت قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کر دی، یورپی یونین کے ترجمان خارجہ امور پیٹر سانو نے کہا موجودہ غیر یقینی حالات میں کشیدگی سے بچنے کیلئے تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں ، کشیدگی کسی کے بھی مفاد میں نہیں۔اقوام متحدہ نے سائنسدان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ایران پر زور دیاکہ وہ صبرو تحمل کا مظاہرہ کرے ، ترجمان اقوام متحدہ کے بیان میں کہا گیاکہ ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کیا جائے جو خطے میں کشیدگی بڑھانے کا باعث بنے ۔قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد بن عبد الرحمن آل ثانی نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کوٹیلی فون کرکے ایٹمی سائنسدان محسن فخری کے قتل پر تعزیت کی ۔شام کے وزیر خارجہ فیصل المقداد نے دمشق میں ایرانی سفیر سے ملاقات کر کے ڈاکٹر فخری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ عالمی برادری کواس قسم کے دہشت گردی کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہئے ۔رائٹرز کے مطابق ترجمان امریکی نیوی نے واضح کیا کہ خلیج میں طیارہ بردار نیول جہاز یو ایس ایس نیمٹز کی تعیناتی ایرانی سائنسدان ڈاکٹر فخری زادے کے قتل سے چند روز قبل کی گئی، اس تعیناتی کا کسی خاص خطرے سے کوئی تعلق نہیں، ترجمان نے اپنے ای میل بیان میں کہا یو ایس ایس نیمٹز کی خلیج میں واپسی کسی خطرے کے باعث نہیں بلکہ افغانستان اور عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے پیش نظر کی گئی ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.