سری نگر،نئی دہلی : قابض بھارتی فوج نے 2 کشمیری نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کر دیا جبکہ بارودی سرنگ دھماکے میں دوبھارتی فوجی زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح بھارتی فوج نے سرینگر کے مضافات میں ماچھوا علاقے کا محاصرہ کر لیا اور نام نہاد تلاشی آپریشن کے دوران باغ مہتاب میں 2 نوجوانوں کو گولی مار کرشہید کردیا، کے پی آئی کے مطابق سری نگر ، بانڈی پورہ، سونوار ، نوا کدال ، نہرو پارک اور پرتاپ پارک کے علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں جبکہ بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نے انگریزی اخبارگریٹر کشمیر کے دفتر پر بھی چھاپہ مارا ، ادھر ضلع راجوری میں کنٹرول لائن کے نزدیک تارکنڈی علاقے میں بارودی سرنگ پھٹنے سے دھماکاہوا جس میں ایک بی ایس ایف اور ایک فوجی اہلکار زخمی جبکہ ترال کیمپ میں سیڑھیوں سے پھسل کر چندرپال نامی اہلکار ہلاک ہوگیا۔ ادھر بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں اراضی سے متعلق12 قوانین کو ختم کرکے نئے قوانین نافذ کر دئیے ۔ کے پی آئی کے مطابق بھارتی شہریوں کومقبوضہ کشمیر میں اراضی خریدنے کا حق دینے کے ساتھ ہی بھارتی افواج کو بھی اختیار دے دیا گیا،جس کے تحت جموں وکشمیر کے کسی بھی قطعہ اراضی کو دفاعی علاقہ قرار دے کر آپریشنل اور تربیتی مقاصد کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔
مشرق مزید