پاکستان ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر انگلش کاؤنٹی سمرسیٹ سے معاہدہ کرلیا ہے۔
بابر اعظم قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے اختتام پر ٹی 20 بلاسٹ کے لیے سمرسیٹ کے اسکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔سمرسیٹ کاؤنٹی کرکٹ کلب کے اعلامیہ کے مطابق بابر اعظم پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آخری ٹی 20 میچ کے بعد 2 ستمبر کو کاؤنٹی ٹیم جوائن کرلیں گے۔سمرسیٹ کلب کے اعلامیے کے مطابق بابر اعظم چار اکتوبر تک ٹیم کے ساتھ رہیں گے، وہ آخری 7 میچز کے ساتھ ساتھ کوالیفائی کرنے کی صورت میں دیگر میچز کیلئے بھی سمرسیٹ کو دستیاب ہوں گے۔
قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان نے گزشتہ سیزن میں بھی سمرسیٹ کی نمائندگی کی تھی اور 578 رنز بناکر ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر رہے تھے۔ادھر بابراعظم کا کہنا ہے کہ وہ ایک بار پھر سمرسیٹ کی نمائندگی کرنے پر خوش ہیں۔سمرسیٹ کے ڈائریکٹر ا ینڈی ہرے کا کہنا ہے کہ بابر اعظم ایک بہترین کرکٹر ہیں اور ان کی ٹیم نے ان کی اس سال سیزن میں شرکت کو یقینی بنانے کے لئے ای سی بی، پی سی بی اور بابر اعظم کی مینجمنٹ ٹیم کے ساتھ محنت کی، امید ہے کہ بابر کی موجودگی ٹیم کے لیے کافی مفید رہے گی۔