چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے کہا ہے کہ غیر اخلاقی مواد اور بھارتی چینلز دکھانے پر قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے پاکستانی ڈراموں میں دکھائے جانے والے موضوعات کو معاشرتی، مذہبی، سماجی اور اخلاقی اقدار کے مطابق بنانے کی ہدایت بھی کی۔
چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے پیمرا ریجنل آفس لاہور کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ نجی چینلوں کو ڈراموں کے اسکرپٹ کا جائزہ لینا چاہیے اور انہیں پاکستانی اقدار کے مطابق بنانا چاہیے۔
چیئرمین پیمرا سے کیبل آپریٹرز کے وفد نے بھی ملاقات کی، تمام کیبل آپریٹرز کو محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
کیبل آپریٹرز کو تلقین کی گئی کہ نشر کیے جانے والے چینل مذہبی، معاشرتی، سماجی اور اخلاقی اقدار کے مطابق ہونے چاہئیں۔
کیبل آپریٹرز نے ٹی وی ڈیجیٹلائزیشن اور دیگر درپیش مسائل سے چیئرمین پیمرا کو آگاہ کیا۔
پیمرا افسران نے چیئرمین پیمرا کو انتظامی اور پالیسی امور میں بہتری لانے کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔
چیئرمین پیمرا نے فرائض سے غفلت برتنے پر ایک فیلڈ انسپکٹر کو فوری طور پر معطل کر دیا۔