کراچی کے مختلف علاقوں میں آج پھر بارش ہوگئی، گلشن حدید میں بادل جم کر برسے 2 گھنٹے میں 84 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گلشن حدید اور اطراف میں تیز بارش سے صورتحال مزید خراب ہوگئی، اسٹیل ٹاؤن، جوکھیو گوٹھ، منزل پمپ قائد آباد میں سڑکیں ایک بار پھر زیر آب آگئیں۔
شدید بارش کے باعث مختلف گوٹھوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے، دوسری طرف ڈیفنس، کلفٹن اور اطراف میں ہلکی بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے آج شہر کے چند مقامات پر تیز اور دیگر علاقوں میں معتدل بارش کی پیش گوئی کی تھی۔
کل کی طوفانی بارش کے بعد شہر کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئیں، شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ اور گلبہار روڈ مختلف مقامات پر بیٹھ گئیں۔
آئی آئی چندریگر روڈ اور ایوان صدر روڈ اب بھی تالاب بنی ہوئی ہیں، نیا ناظم آباد میں پھنسے لوگوں کی کشتیوں کے ذریعے منتقل کیا گیا۔
ڈیفنس کے علاقے اتحاد کمرشل سے اب تک پانی نہ نکالا جاسکا جبکہ کلفٹن اور پی ای سی ایچ سوسائٹی میں بھی مختلف مقامات پر پانی جمع ہے۔
شہر کی مختلف اہم شاہراہوں سے بارش کا پانی صاف کردیا گیا جبکہ انڈر پاسز اب بھی پانی ڈوبے ہوئے ہیں۔