Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

نیوزی لینڈ:مسلمانوں کے قاتل دہشتگرد کو عمر قید ,معافی کا حق بھی ختم

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کرائسٹ چرچ : نیوزی لینڈ کی 2مساجد میں فائرنگ کر کے 51مسلمانوں کو شہید کرنیوالے دہشت گرد کو عمر قید کی بدترین سزا سنا دی گئی ،عدالت نے مجرم کی معافی کا حق بھی ختم کردیا۔کرائسٹ چرچ ہائیکورٹ کے جج کیمرون مینڈر نے 29سالہ انتہا پسند برینٹن ٹیرنٹ کو سزا سناتے ہوئے کہا سزا کی کوئی معینہ مدت مجرم کیلئے کافی نہیں ،عمر قید کے دوران اسے پیرول پر رہائی نہیں مل سکتی، دہشت گرد کو کسی بھی صورت معافی کا حق حاصل نہیں ہوگا۔رائٹرز کے مطابق جج نے کہا جرم اس قدر گھناؤنا ہے کہ قید میں موت آ جائے تو بھی مجرم کی سزا پوری نہ ہو گی،جج نے دہشت گرد کو مخاطب کرتے ہوئے کہاتم متاثرین کیلئے ہمدردی سے بھی خالی ہو،یہ نفرت جو تمہارے دل میں مخصوص برادری کیلئے ہے اس کی کہیں بھی جگہ نہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز فیصلے کے وقت متاثرین اور شہدا کے لواحقین بڑی تعدادمیں عدالت کے باہرموجود تھے ،دہشت گردنے پہلے صحت جرم سے انکار کیا بعد ازاں اقبال جرم کرلیا ۔متاثرین نے مجرم کو ملک میں رائج بدترین سزاملنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے ‘ ہم ایک ہیں کے پوسٹر لہرائے ’۔واضح رہے نیوزی لینڈ میں سزائے موت کاقانون نہیں اور اس سے پہلے ملک میں ایسی کڑی سزا کبھی نہیں سنائی گئی۔قانون کے مطابق 10 سے 17 سال جیل میں گزار نے والے مجرم کی پیرول پر رہائی کی اجازت دی جا سکتی ہے لیکن جج نے مسلمانوں کے قاتل انتہا پسند برینٹن ٹیرنٹ کا یہ حق بھی ختم کردیا ۔فائرنگ کا نشانہ بننے والی النور مسجد کے پیش امام جمال فودہ نے کہا انتہا پسند سب ایک جیسے ہیں،یہ سب نفرت کی نمائندگی کرتے ہیں ،کسی بھی سزا سے ہمارے پیاروں کو واپس نہیں لایا جاسکتا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہادہشت گرد اسی سزا کامستحق تھا،میں نے عہد کر رکھا ہے کہ کبھی حملہ آور کا نام نہیں لوں گی۔انہوں نے کہا15 مارچ کا صدمہ اتنی آسانی سے ختم نہیں ہوسکتا لیکن امید ہے کہ آج کا دن وہ آخری دن ہے جس میں ہم اس دہشت گرد کا نام سنیں گا۔انہوں نے کہااس خوفناک واقعہ کی تکلیف کسی بھی طرح دور نہیں ہوگی لیکن امید ہے اس سارے عمل کے دوران آپ نے اپنے آس پاس نیوزی لینڈ کی ہمدردی کو محسوس کیا ہو گا اورامید ہے آئندہ بھی آپ کو یہ محسوس ہوتا رہے گا۔یاد رہے مجرم نے 15مارچ 2019 کو کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں 51نمازیوں کو شہید اور 49دیگر کو زخمی کردیا تھا اور اس کی لائیوسٹریمنگ فیس بک پر بھی نشر کی تھی۔دریں اثنا کیوی حکومت نے آسٹریلیا سے مطالبہ کیا کہ دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ کوعمر قید کاٹنے کیلئے واپس لے تاکہ اس کی قید کے بھاری اخراجات متاثرہ خاندانوں کو ادا نہ کرنا پڑیں۔ نیوزی لینڈ کے نائب وزیر اعظم ونسٹن پیٹرز نے کہا آسٹریلیا کے وزیر داخلہ پیٹر ڈوٹون دہشت گرد کو واپس لینے کا فیصلہ کریں اور وہ آسٹریلیا کی جیل میں اپنی سزا کاٹے ۔آسٹریلوی وزیر اعظم سکاٹ موریسن نے کہا ان کی نظر میں دہشت گرد کو نیوزی لینڈ میں ہی سزا کاٹنی چاہیے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.