Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

عماد علی نے دوسری مرتبہ ورلڈ یوتھ اسکریبل کپ جیت لیا

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کراچی( اسپورٹس رپورٹر ) پاکستان کے سید عماد علی نے دوسری مرتبہ ورلڈ یوتھ اسکریبل کپ جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ وہ 13 میں سے نو مقابلوں میں کامیابی اور 329 اسپریڈ اسکور کی بدولت دو مرتبہ ورلڈ یوتھ اسکریبل ٹائٹل جیتنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔یاد رہے کہ انہوں نے دوہزار اٹھارہ میں دبئی میں ہونے والی چیمپئن شپ جیتی تھی، وہ ایک بار جونیئر ورلڈ چیمپئن شپ بھی جیت چکے ہیں۔ بھارت کے مادھو گوپال نے نو گیمز جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کی ۔ تھائی لینڈ کے نپت تیسر ے اور پاکستان کے حشام ہادی خان سات گیمز جیت کر چوتھے نمبر پر رہے ۔ٹورنامنٹ کی بہترین خاتون کھلاڑی کا ایوارڈ سری لنکا کی سندلی ویتھا ناگے نے حاصل کیا ۔ ملائیشیا کے ڈریسڈن لم ٹورنامنٹ کے کم عمر ترین کھلاڑی قرارپائے ۔بھارت کواسپرٹ آف اسکریبل ایوارڈ دیا گیا۔ اس موقع پر عماد علی کا کہنا تھا کہ دوسری مرتبہ ورلڈ یوتھ ٹائٹل جیتنے پرخوشی ہوئی ، ایونٹ کیلئے کڑی محنت کی تھی جس کا صلہ مل گیا،فائنلز میں تمام حریف مشکل تھے لیکن بھارت اورتھائی لینڈ کے کھلاڑیوں نے ٹف ٹائم دیا۔ ورلڈ اسکریبل چیمپئن شپ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔اختتامی تقریب میں پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے صدر ندیم عمر نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اسکریبل کا کھیل کھلاڑیوں کو قریب لاتا ہے ۔ بھارت اورپاکستان کے حالات جتنے بھی کشیدہ ہوں لیکن بھارتی کھلاڑیوں نے کھیل کی اسپرٹ سے سب کے دل جیت لئے ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کرکٹ کے ساتھ دیگر کھیلوں کو بھی سپورٹ جاری رکھے گی۔ند یم عمر نے عماد علی کیلئے ایک لاکھ جبکہ پاکستانی ٹیم کیلئے بھی نقد انعام کا اعلان کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.