Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

پشتونخوا میپ کے مرکزی سیکرٹری ،صوبائی صدر وسابق سینیٹر عثمان خان کاکڑ انتقال کر گئے

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کوئٹہ(آن لائن) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ،صوبائی صدر وسابق سینیٹر عثمان خان کاکڑ کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے ہیں۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن بلوچستان اسمبلی نصراللہ زیرے نے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔سابق سینیٹر عثمان خان کاکڑ گزشتہ ہفتے برین ہیمبرج کے حملے کے بعد اپنے گھر میں گر کر زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد ان کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی کے نجی ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔سیکرٹری اطلاعات پی کے میپ رضا محمد نے عثمان کاکڑ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عثمان کاکڑ برین ہیمبرج کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔اس سے قبل 18 جون کو عثمان کاکڑ کو برین ہیمبرج ہوا تھا جس کے باعث وہ گِر کرزخمی ہوگئے تھے،پشتونخوامیپ کے رہنما سابق صوبائی وزیرعبدالرحیم زیارتوال کے مطابق جمعرات کو عثمان کاکڑ کوئٹہ میں واقع اپنے گھر میں تھے جب ان کی دماغ کی شریان پھٹ گئی۔ برین ہیمبرج کے اس حملے کے وہ خود کو نہ سنبھال سکے اور گر کر زخمی ہو گئے۔ انہیں سر پر چوٹ آئی۔عثمان کاکڑ کو فوری طور پر کوئٹہ کے علاقے پشین سٹاپ میں واقع نجی ہسپتال اور پھر کوئٹہ کے معروف نیورو سرجن ڈاکٹر نقیب اللہ کے کلینک لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر نقیب اللہ، ڈاکٹر راز محمد کاکڑ، ڈاکٹر امان اللہ کاکڑ، ڈاکٹر فیض ترین اور ڈاکٹر مناف ترین پر مشتمل ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے آپریشن کیا۔عثمان کاکڑ نے پسماندگان میں بیوہ اور چھ بچے چھوڑے ہیں، مرحوم کی تدفین آبائی علاقے مسلم باغ میں کی جائے گی ،بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ سے تعلق رکھنے والے عثمان خان کاکڑ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اور صوبائی صدر تھے۔ انہوں نے عملی سیاست کا آغاز تین دہائیاں قبل پشتونخوا میپ میں شمولیت لی اور آخری لمحے تک پارٹی سے وابستہ رہے۔محمود خان اچکزئی کے بعد عثمان کاکڑ پشتونخوا میپ کے سب سے مقبول رہنما مانے جاتے تھے۔عثمان خان کاکڑ نے 1987 میں کوئٹہ کے لا کالج سے وکالت کی ڈگری حاصل کی۔ زمانہ طالب علمی میں بھی وہ پشتونخوا میپ کی طلبہ تنظیم پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سے وابستہ رہے۔عثمان کاکڑ 2015 ءسے مارچ 2021 تک سینیٹ آف پاکستان کے رکن رہے۔ 2018 میں مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کے اتحاد سے سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کا الیکشن لڑا تاہم کامیاب نہ ہوئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.