Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

رنگا رنگ افتتاح، ٹرافی پر قبضے کی جنگ شروع

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کراچی ، لاہور( سپورٹس رپورٹر ) کھلاڑیوں کے جوش و جذبے کیساتھ پی ایس ایل 6کی ٹرافی پر قبضے کی جنگ شروع ہوگئی ۔ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہوئی جس کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا۔ کورونا کی وجہ سے روایتی افتتاحی تقریب کی جگہ ریکارڈنگ نشر کی گئی جس میں گلوکار عاطف اسلم، حمیمہ ملک، عمران خان، نصیبو لعل، آئمہ بیگ اور ینگ سٹنرز سمیت غیرملکی فنکاروں نے فن کا مظاہرہ کیا۔ واضح رہے کہ پروگرام کا کچھ حصہ ترکی میں ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ افتتاحی تقریب دکھانے کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا،نیشنل سٹیڈیم میں شاندار آتش بازی نے بھی ماحول کو گرما دیا۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شائقین سے کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کے علاوہ تمام فرنچائز کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل عوام کی وجہ سے بڑا برانڈ بن چکا ہے ، میچوں کیلئے شائقین پرجوش ہیں اور اُن کے جوش اور جذبے کو دیکھ کر بہت زیادہ خوشی ہوتی ہے ، اس سال پی ایس ایل کے میچز کراچی اور لاہور میں کھیلے جا رہے ہیں اور کورونا وائرس کی وجہ سے کراچی میں صرف ساڑھے 7 ہزار اور لاہور میں ساڑھے 5 ہزار شائقین میدان میں آ سکیں گے ۔احسان مانی نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ اگر حالات بہتر ہوتے ہیں تو زیادہ لوگوں کوسٹیڈیم لانے کی اجازت مل سکے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں حکومت پاکستان، حکومت سندھ اور حکومت پنجاب کی مدد حاصل نہ ہوتی تو پی ایس ایل کے تمام میچز ان حالات میں کراچی میں کھیلنا ناممکن ہوتا اور میں خاص طور پر سکیورٹی، قانون نافذ کرنیوالے اداروں، مقامی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔چیئرمین پی سی بی نے ایونٹ میں شرکت کرنیوالے غیرملکی بین الاقوامی کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں اور امید ہے کہ آپ اپنے ساتھ یہاں قیام کی خوشگوار یادیں واپس لے کر لوٹیں گے اور اگلے سال دوبارہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہنے کے منتظر ہوں گے ۔انہوں نے ملک میں کھیل کے فروغ کیلئے بورڈ سے اشتراک کرنے پر تمام فرنچائزوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور ایونٹ میں شریک تمام چھ ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.