اسلام آباد : چیف الیکشن کمشنر نے سینئر افسران سے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کی صورتحال پر مشاورت کی، ریٹرننگ افسر سے تمام تر صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے مسلم لیگ ن کی نتیجہ روکنے کی آر او کو کی گئی درخواست پر مشاورت کی، چیف الیکشن کمشنر کچھ دیر میں اہم فیصلہ سنائیں گے۔
ادھر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ این اے 75 کے 20 پولنگ سٹیشنز کے نتائج اور پولنگ عملہ لاپتہ ہونے کے معاملے کی اطلاع ملتے ہی رات گئے دفتر پہنچے۔ چیف الیکشن کمشنر نے آئی جی پنجاب، کمشنر اور ڈی سی گوجرانوالہ سے رابطے کی کوششیں کیں، آئی جی پنجاب، کمشنر گوجرانوالہ اور ڈی سی سیالکوٹ نے چیف الیکشن کمشنر کو جواب نہ دیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے صوبائی الیکشن کمشنر، چیف سیکرٹری پنجاب اور ڈی پی او سے بھی رابطہ کیا۔ الیکشن کمیشن نے آئی جی اور چیف سیکرٹری کو پولنگ سٹاف کی بازیابی کی ہدایت کی۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ کوتاہی برتنے پر پولنگ میٹریل میں ردوبدل کی صورت میں متعلقہ افسران کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔