Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

بلوچستان اسمبلی اجلاس :اپوزیشن اراکین کا لینڈ مافیا کیخلاف شدید احتجاج

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کوئٹہ ( این این آئی) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن اراکین کا گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے پر شدید احتجاج ، اپوزیشن اراکین نے موقف اختیار کیا کہ کوئٹہ میں لوگوں کی زمینوں پر زور زبردستی قبضے کئے جارہے ہیں جس کا حکومت کو نوٹس لینا چاہئے اس موقع پر اپوزیشن اراکین نے سپیکر ڈائس کے سامنے بیٹھ کر احتجاج کیا تاہم بعد میں حکومتی یقین دہانی پر انہوںنے احتجاج ختم کیا ۔بلوچستان اسمبلی کا اجلاس جمعے کوایک گھنٹہ دس منٹ کی تاخیر سے سپیکر میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت شروع ہوا ۔ اجلاس میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت اور سینیٹرمشاہد اللہ خان کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی گئی ۔پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن اسمبلی نصراللہ زیرے نے کہا کہ گزشتہ روز نواں کلی میں صحبت خان کو شہید اور ان کے کزنز کو زخمی کیا گیا جس کے خلاف لواحقین نے آج پورا دن لاش کے ہمراہ ائیرپورٹ روڈ پر احتجاج کیاڈرگ مافیا اور سماج دشمن عناصر کوئٹہ شہر کو یرغمال بنایاہواہے قلعہ عبداللہ ،پشین اور دیگر علاقوں میں بھی مسلح لوگ آزادانہ نقل وحمل کررہے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ،یہ لوگ جو چاہےے کریں حکومت نام کی کوئی چیز یہاں موجود نہیں ہے ۔نواں کلی میں پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیشن قائم کی جائیں اور لوگوں کو تحفظ فراہم کیاجائے ۔خاتون رکن زبیدہ بی بی کہاکہ لینڈ مافیا کی جانب سے فائرنگ میں شہید ہونے والے صحبت خان ان کے کزن ہیں انہوںنے کہا کہ صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے جو ان لینڈ مافیا کو روک سکے انہوںنے کہا کہ گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے کے خلاف وہ بطور احتجاج سپیکر ڈائس کے سامنے بیٹھیں گے جس کے بعد اپوزیشن کے دیگر ارکان اسمبلی نے بھی اظہار یکجہتی کیلئے اسپیکر ڈائس کے سامنے بیٹھ کر احتجاج کیااسپیکر نے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران ،اسد اللہ بلوچ اور نورمحمددمڑ کو ہدایت کی کہ وہ اپوزیشن ارکان کو یقین دہانی کرائیں جس پر صوبائی وزراءنے یقین دہانی کرائی کہ آپ کااحتجاج ریکارڈ ہوا صوبائی حکومت لینڈ مافیا کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے گی ۔بعدازاں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف ملک سکندرایڈووکیٹ نے کہاکہ صوبے میں امن وامان اور لینڈ مافیا کے حوالے سے اپوزیشن نے دو ریکوزیٹ اجلاس منعقد کرائے جس کامقصد لینڈ مافیا کی دن دیہاڑے کوئٹہ کی عوام کی زمینوں پر قبضے کو ختم کرناتھا گزشتہ روز محترمہ زبیدہ کے کزن صحبت خان کو اس لئے شہید کیاگیا کہ انہوں نے اپنی جدی پشتی زمینوں پر قبضہ مافیا کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہوگئے یہ کون لوگ ہیں جو کلاشنکوف لیکر ٹرک میں ٹائل اور پانی کا ٹینکر لا کر مظلوم لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کرتے ہیں انہیں کس کی پشت پناہی حاصل ہیں ،انہوں نے کہاکہ لوگوں کو لگام دیاجائے تاکہ کوئٹہ کے شہری سکھ کاسانس لے سکیں پوائنٹ آف آرڈر پر صوبائی وزیر نور محمددمڑ نے کہاکہ نواں کلی اور دیگر علاقوں سے لینڈ مافیا کی شکایات موصول ہورہی ہیں ،گزشتہ روز صحبت خان نامی نوجوان کو شہید کیاگیا صوبائی حکومت لینڈ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریگی ۔میں اپوزیشن کو یقین دلاتاہوں کہ صوبائی حکومت کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں بھرتے گی ۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری طورپر گرفتارکرکے ان کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیںگے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.