Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

پاکستان چین سے ڈالر اور چینی کرنسی میں قرض لینے پر آمادہ

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

پاکستان نے چین سے ایم ایل ون منصوبے کے لیے 6 ارب ڈالر کا قرضہ چینی اور امریکی کرنسیوں میں لینے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ پاکستان قرض پر شرح سود کے حوالے سے بھی اپنے ابتدائی موقف سے پیچھے ہٹنے پرتیار ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ ایم ایل ون منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) کا سب سے بڑا حصہ ہے جس کے تحت کراچی تا پشاور ریلوے ٹریک دو رویہ اور اپ گریڈ کیا جائے گا۔ اعلیٰ حکام کے مطابق پاکستان نے چین سے 6 ارب ڈالر کے مساوی قرض امریکی کرنسی ہی میں دینے کی درخواست کی تھی تاہم چین اپنی کرنسی رین من بی ( آر ایم بی) میں قرض دینے کا خواہش مند تھا۔ تاہم اب فریقین چینی اور امریکی دونوں کرنسیوں میں قرض کے لین دین پر راضی ہوگئے ہیں۔

تاہم دونوں جانب سے یہ ظاہر نہیں کیا گیا کہ قرض کا کتنا حصہ ڈالر اور آر ایم پر منحصر ہوگا۔ ایم ایل ون منصوبے کے لیے قرض کے حصول کی خاطر ایک سال سے زائد عرصے سے مذاکرات ہورہے ہیں تاہم ابھی تک مذاکرات کا حتمی نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور چیئرمین سی پیک کمیٹی اسدعمر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دفتر خارجہ کو ایم ایل ون کی فنانسنگ کی ترجیحات سے آگاہ کردیا گیا ہے اور یہ معاملہ چینی حکام کے سامنے اٹھانے کی درخواست کی گئی ہے۔ اسدعمر نے کہا کہ سی پیک جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کے اگلے اجلاس میں ایم ایل ون پروجیکٹ حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اجلاس کے انعقاد کی تاریخ کا تعین ابھی نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایکنک نے اگست 2020ء میں اسٹریٹجک اہمیت کے حامل ایم ایل ون منصوبے کی منظوری دی تھی جس کی کل لاگت 6.8 ارب ڈالر ہے۔ پاکستان نے چین سے درخواست کی تھی کہ وہ اس منصوبے کے لیے پیکیج ون کے تحت 2.44 ارب ڈالر فراہم کرے۔ پاکستان نے چین سے 6 ارب ڈالر کا قرضہ 1فیصد شرح سود پر لینے کی تجویز دی تھی جسے چین نے منظور نہیں کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے چین کو آگاہ کردیا ہے کہ وہ سابقہ سی پیک منصوبوں کے مقابلے میں فنانسنگ کی زیادہ فائدہ مند شرائط قبول کرنے کے لیے تیار ہے۔

حکومت نے چین کی منصوبے کل لاگت کا 85 فیصد کے مساوی قرض لینے کی شرط بھی قبول کرلی ہے۔ تاہم دونوں ممالک کے درمیان قرض کی واپسی کی مدت پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔ چین نے 15 سے 20 سال میں قرض کی واپسی چاہتا ہے، جس میں مزید 5 سال کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان قرض کی واپسی کی مدت 25سال کروانا چاہتا ہے جس میں 10 سال کی مزید رعایتی مدت شامل ہو۔ سیکریٹری ریلوے حبیب الرحمان گیلانی نے  گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین اس منصوبے کو فنانس کرنے کے لیے باضابطہ طور پر تیار ہوگیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.