Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

بائیڈن کی کل حلف برداری، واشنگٹن میں ہوکا عالم، ہر طرف فوج : ایک کلو میٹر دور دھواں اٹھنے پر ریہرسل منسوخ

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

واشنگٹن :  نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری کل ہوگی ، واشنگٹن میں کرفیو کا سماں ہے ،ہرطرف فوج ہی فوج ہے ،ایک کلومیٹر دور دھواں اٹھنے پر کانگریس میں تقریب حلف برداری کی ریہرسل منسوخ کرنا پڑی۔ ٹرمپ کی صدارت کا آج آخری دن ہے ،امکان ہے کہ وہ آج دوپہر ہی وائٹ ہائوس سے روانہ ہوجائیں گے ،پیر کو کیپٹل ہل (کانگریس )کی سکیورٹی کیلئے مزید ہزاروں نیشنل گارڈ دارالحکومت پہنچ گئے ، کیپٹل ہل کے ارد گرد باڑ لگانے کا کام مکمل ہو چکا ، واشنگٹن کا ڈائون ٹائون کا علاقہ انتہائی حساس ہے جسے عوام کیلئے بند کردیاگیا۔ حلف برداری بدھ کو پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے نوبجے کے قریب ہوگی ۔ حلف بردار ی کے بعد بائیڈن خطاب کریں گے ، اس موقع پر لیڈی گاگا اور جینیفر لوپز اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی۔ نومنتخب صدر آج ڈیلاویئر سے واشنگٹن کیلئے روانہ ہوں گے ، اس سے قبل پیر کی دوپہرکانگریس کے لان میں حلف برداری کیلئے ریہرسل ہورہی تھی کہ ایک کلومیٹر دور دھواں اٹھنے پر افراتفری مچ گئی،شرکا نے ریہرسل ختم کر کے کانگریس کی عمارت میں پنا ہ لی،اہلکاروں نے بھی پوزیشنز سنبھال لیں،خطرے کے پیش نظر فوری طورپر کانگریس کو عارضی طورپر بند کردیاگیا،جس پر بعد ازاں فائر ڈیپارٹمنٹ نے بتایاکہ آگ بجھا دی گئی ہے ،جس سے کانگریس کو کوئی خطرہ لاحق نہیں،جس کے بعد کانگریس کا عارضی لاک ڈائون ختم کردیاگیا۔ادھرامریکی محکمہ دفاع کے بعض حکام نے نومنتخب صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری کے دوران سکیورٹی پر مامور عملے کی جانب سے ہی مسلح کارروائی کا خدشہ ظاہر کردیا،جس کے بعد سکیورٹی پر مامور 25 ہزار نیشنل گارڈز کی سکریننگ کا عمل شروع کردیاگیا،نیوز ایجنسی کے مطابق نئے خدشات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ وہ لوگ جنہیں دارالحکومت کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ، وہ نئے صدر اور دیگر وی آئی پیز کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں۔ آرمی سیکرٹری ریان میکارتھی نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ حکام کو ممکنہ خطرے کا ادراک ہے ، ادھر چھ جنوری کے ہنگاموں میں سپیکر نینسی پلوسی کو قتل کرنیکی سازش کا بھی انکشاف ہواہے ،امریکی ادارے نے اس بات کی تحقیقات شروع کر دیں کہ ہنگامے میں سپیکر نینسی پلوسی کے دفتر سے مبینہ طور پر لیپ ٹاپ چوری کرنیوالی خاتون نے اسے روسی انٹیلی جنس کو فروخت کرنے کی کوشش کی تھی کہ نہیں۔ ایف بی آئی نے امریکی عدالت میں جمع کرائے گئے حلف نامے میں پنسلوانیا کی خاتون رلی جون ولیمز پر کیپٹل ہل میں غیر قانونی طور پر گھسنے اور لوگوں کی سپیکر پلوسی کے دفتر کی جانب رہنمائی کے الزامات عائد کئے ہیں۔ کانگریس کے دفاتر سے الیکٹرونک اشیا کی چوری حکام کیلئے تاحال تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے ۔ادھرتوقع ہے کہ صدر ٹرمپ اپنی صدارت کے آخری روز 100افراد کو معافیاں دیں گے ،سی این این کے مطابق وہ جن افراد کو معافی دے سکتے ہیں ان میں راجر سٹون اورمائیکل فلن شامل ہیں،معافیوں کے حوالے سے ٹرمپ کا ریکارڈ اوباما کی نسبت بہتر ہی رہے گا،اوباما نے اپنی صدارت کے آخری روز330 افراد کو معافی دیدی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.