Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

ریکوڈک کیس میں پاکستان کی بڑی کامیابی، 6 ارب ڈالر جرمانے پر حکم امتناع جاری

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

انٹرنیشنل سنٹر فار سیٹلمنٹ آف انویسٹمنٹ ڈسپیوٹ میں پاکستان کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ عالمی بینک کے ثالثی فورم نے ریکوڈک معاملے میں چھ ارب ڈالر ایوارڈ پر حکم امتناع جاری کر دیا ہے۔

‏‏اکسیڈ ٹریبونل نے جولائی 2019ء میں آسٹویلوی کمپنی ٹیتھیان کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔ ‏اکسیڈ نے پاکستان کو 6 ارب ڈالر آسٹریلوی کمپنی کو ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

‏اپریل 2020ء میں حکم امتناع مستقل کرنے کی سماعت ویڈیو لنک پر ہوئی تھی۔ ‏ریکوڈک معاملے پر حتمی سماعت مئی 2021ء میں ہوگی۔

خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے ریکوڈک سے متعلق عالمی ٹربیونل کے عائد کردہ 5.8 ارب ڈالرز جرمانے کے فیصلے کو تبدیل کروانے کی پوری کوشش کی جا رہی تھیں۔

پاکستان نے آسٹریلوی کمپنی کو کان کنی کی لیز دینے کے بعد اس کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا، جس پر آسٹریلوی کمپنی نے ٹربیونل میں پاکستان سے جرمانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اس پر پاکستان نے موقف اپنایا کہ جرمانہ ادا کرنے سے کورونا وبا کے خلاف جاری کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔ بلوچستان میں واقع ریکوڈک کا علاقہ معدنیات بشمول سونے اور تانبے کے لیے جانا جاتا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت اسے ایک تذویراتی اثاثہ سمجھتی ہے۔

عالمی بینک کا بین الااقوامی سینٹر فار سیٹلمنٹ آف انوسٹمنٹ ڈسپیوٹس پاکستان کی اس درخواست پر غور کر رہا تھا جس میں ریکوڈک منصوبے کی لیز پر عمل نہ کرنے کی اجازت دینے پر عائد جرمانے کو ختم کرنے کا کہا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے ٹیتھیان کاپر کمپنی کو ریکوڈک میں کان کنی کی لیز دی تھی۔ ٹیتھیان دراصل آسٹریلوی کمپنی بارک گولڈ کارپ اور چلی کی کمپنی انتوفاگسٹو کے درمیان 50، 50 فیصد کی شراکت داری ہے۔

غیر ملکی کمپنی کی معاہدے میں توسیع کی درخواست کو مسترد کرنے کے بعد بلوچستان حکومت نے اس علاقے میں کان کنی کے لیے ایک کمپنی قائم کی تھی۔ عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد یہ تنازع ایک بار پھر سر اٹھانے لگا ہے۔

پاکستان اور ٹیتھیان کے درمیان معاملے کو متبادل ذرائع سے حل کرنے پر رضامندی ظاہر کی گئی تھی لیکن ابھی تک ان مذاکرات کا مستقبل واضح نہیں ہو سکا۔

پاکستانی حکام کے مطابق ابھی تک فریقین کے درمیان اس سلسلے میں براہ راست رابطہ نہیں ہوا۔ ٹیتھیان کے بیان کے مطابق بھی اس سلسلے میں ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

اٹارنی جنرل کے دفتر میں موجود ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ ٹیتھیان کے ساتھ عدالت کے باہر معاہدے کا امکان موجود ہے لیکن اس کے لیے اس معاملے کے حتمی فیصلے کا انتظار ہے جو شاید اگلے سال تک بھی نہ آ سکے۔

ریکوڈک کا منصوبہ وزیراعطم عمران خان کی حکومت کا امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔ سفارتی ذرائع کے استعمال سے اس معاملے کو حل کر کے مزید بیرونی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔

ٹیتھیان کی ویب سائٹ کے مطابق ریکوڈک منصوبہ 3.3 ارب ڈالرز کی لاگت سے تانبے اور سونے کی کان کنی کا منصوبہ تھا۔

کمپنی کے مطابق یہ بلوچستان میں کان کنی کے کئی اور منصوبوں کے لیے ایک مشعل راہ کی حیثیت رکھتا تھا۔

ٹیتھیان کے مطابق 1998 میں بلوچستان حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدے میں حکومت نے اسے ان علاقے میں کھدائی کی اجازت دی تھی۔ سال 2011 میں ٹیتھیان کی ایک ذیلی کمپنی نے مائننگ کی درخواست دی تھی، جسے نومبر 2011 میں بلوچستان حکومت نے مسترد کر دیا تھا۔

اس حوالے سے اسلام آباد اور بلوچستان دونوں میں موجود حکومتی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ بلوچستان حکومت نے یہ معاہدہ اس لیے منسوخ کیا تھا کیونکہ یہ شفاف انداز میں نہیں ہوا تھا اور کمپنی کو بہت زیادہ رعایت دی گئی تھی جس سے حکومتی قوانین کی خلاف ورزی ہوئی اور قومی مفاد کو نظر انداز کیا گیا۔

ٹیتھیان نے اس منصوبے پر 22 کروڑ ڈالرز خرچ کیے تھے جس کے بعد 2012 میں آسٹریلوی کمپنی نے ورلڈ بینک کو بطور ثالث اس معاملے میں شامل کیا تھا۔ عالمی بینک نے 2017 میں پاکستان کے خلاف فیصلہ دیا تھا جس میں پاکستانی سپریم کورٹ کے ٹیتھیان کے خلاف دیے جانے والے فیصلے کو مسترد کیا گیا تھا۔

کمپنی نے ابتدائی طور پر پاکستان سے 8.5 ارب ڈالرز کا جرمانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ ٹریبونل نے ایک فارمولے کا استعمال کر کے اس منسوخ شدہ لیز پر 56 سال میں متوقع منافع کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان پر تقریباً چھ ارب ڈالرز کا جرمانہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.