Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

مقبوضہ کشمیر : غیر ملکی سفارتکاروں کا بھارتی نگرانی میں دورہ، مکمل ہرتال

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

سرینگر:  بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں مخصوص یورپی سفارتکارو ں کے ایک گروپ نے بھارتی حکومت کی نگرانی میں مقبوضہ علاقے کا دورہ کیا ،اس موقع پروادی میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ گزشتہ روزتقریباً 2درجن ملکوں کے سفارت کاروں نے مقبوضہ جموں وکشمیر کا دورہ کیا، اس موقع پر بطوراحتجاج وادی بھر میں تمام دکانیں او رکاروباری مراکز بند جبکہ سڑکوں پرٹریفک معطل رہی۔ بھارتی پولیس نے حریت رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کرتے ہوئے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کی خوش دامن کے گھر سمیت حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی کم از کم 72منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔ تاہم سخت سکیورٹی اور پابندیوں کے باوجود غیر ملکی سفارت کاروں کے من پسند دورے کے خلاف سرینگر اور دیگر علاقوں میں سیاہ جھنڈے لہرائے اور پوسٹر چسپاں کیے گئے ۔ جن پر پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان، پاکستان سے رشتہ کیا اور لہو رنگ کشمیر میں خوش آمد کے نعرے درج تھے ۔ حریت رہنماؤں اور تنظیموں بشمول میر واعظ عمر فاروق ، آغا سید حسن الموسوی ، شبیر ڈار ، بلال احمد صدیقی ، میر شاہد سلیم ، جاوید میر ، یوسف نقاش ، عاقب وانی ودیگر تنظیموں نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ اس دورے کامقصد مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں اپنے یک طرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی پردہ پوشی کرنا ہے ۔ انہوں نے سفارتکاروں پر زوردیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے پاکستان ، بھارت اور کشمیری عوام کے درمیان مذاکرتی عمل میں سہولت فراہم کریں ،جموں وکشمیر کے مظلوم عوام نے ہڑتال کر کے دنیا کومہذب انداز میں واضح پیغام دیا ہے کہ یورپی وفدکا یہ دورہ غیر ضروری ہے ۔ کشمیریوں کو درپیش شدید مشکلات کے تناظر میں یہ دورہ اصل مسئلے کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہے ۔بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی نے بھارتی حکومت کی دعوت پرپورپی اور افریقی ممالک کے سفیروں کے دورہ کشمیر کوکشمیر کی حقیقت کو چھپانے کی ایک اور شرمناک کوشش قرار دیا ہے ۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ یہ گائیڈڈ دورہ ہے ، بھارت کشمیر کی حقیقت کو دھوئیں سے چھپانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ غیرملکی سفارتکار دنیا کو کشمیر بارے گمراہ کرنے کے بھارتی منصوبے میں استعمال ہوئے ہیں ۔علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کونسل کے متعدد ارکان جنہوں نے ماگام میں سفارتکاروں سے ملاقات کرنی تھی کو نظربند کر دیا گیا۔ سفارتکاروں کو سخت سکیورٹی میں سری نگر ایئرپورٹ سے گاڑیوں کے قافلے میں ماگام لایا گیا، جہاں انہوں نے حکام اور حال ہی میں منتخب دیہی کونسلروں کے ایک مخصوص گروپ سے ملاقات کی۔سفارتکار آج جموں روانہ ہوں گے ۔ علاوہ ازیں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج کیا۔ پاسبان حریت جموں وکشمیر نے مظفر آباد میں مظاہرہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.