Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کی تجویز مسترد : میرا خواب ہے کہ آئندہ ورلڈ کپ میں پاکستان کا ٹیلنٹ نظر آئے : وزیراعظم

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اسلام آباد  :  وزیراعظم عمران خان نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ ریجنل کرکٹ سب سے بہترین ڈومیسٹک سٹرکچر ہے ، پرانا ڈومیسٹک سٹرکچر ختم ہونے سے پیدا ہونیوالی مشکلات کا اندازہ ہے لیکن اگر کرکٹ کو ٹھیک کرناہے تو ڈومیسٹک ریجنل کرکٹ واحد حل ہے ، جب نظام بدلتا ہے تو یکدم نتائج نہیں آتے ، نئے ڈومیسٹک ڈھانچے سے حقیقی ٹیلنٹ اوپر آئیگا۔اسلام آباد میں گزشتہ روزوزیراعظم عمران خان سے پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی، چیف ایگزیکٹو وسیم خان، کرکٹ کمیٹی کے رکن وسیم اکرم، ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق اور قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے کھلاڑیوں کی ملاقات میں ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے سے متعلق مشاورت کی گئی، سابق کرکٹرز نے موقف اپنایا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کے خاتمے سے مقامی کھلاڑی بے روزگار ہوئے تاہم وزیراعظم عمران خان نے سابق کرکٹرز کی تجویز اور مطالبہ مسترد کردیا اور کہا کہ ریجنل کرکٹ سب سے بہترین ڈومیسٹک سٹرکچر ہے ۔ عمران خان نے دوران گفتگو کہا کہ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ جب نظام بدلتا ہے تو ایک دم نتائج نہیں آتے ۔اس سے قبل پی ٹی وی اور پی سی بی میں ڈومیسٹک کرکٹ کے نشریاتی حقوق کے معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرکٹ کے سٹرکچر کو اگر ہم ٹھیک کرلیں تو پاکستان کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا، جب بھی اصلاحات کی جاتی ہیں تو اس میں تھوڑی مشکلات آتی ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کا جو ٹیلنٹ دیکھا دنیا میں کہیں نہیں دیکھا، سسٹم کی وجہ سے ٹیلنٹ اوپر نہیں آتا، آسٹریلیا کا کرکٹ سسٹم سب سے بہتر ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ ماضی میں کرکٹ انتظامیہ میں من پسند افراد کو جگہ دی گئی جبکہ بھارت میں پی ٹی وی کے ڈرامے دیکھے جاتے تھے ، وقت کیساتھ سیکھنے والے ہی ترقی کرتے ہیں، وقت کیساتھ تبدیلی ضروری ہے ، جو رک جاتا ہے وہ پیچھے رہ جاتا ہے ۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ اداروں میں سفارش پر لوگوں کو بھرتی کرنا نظام کو کمزور کر دیتا ہے ، آسٹریلیا کی ٹیم میں میرٹ ہے اس لئے وہ دنیا پر راج کر رہے ہیں، میرا خواب ہے آئندہ ورلڈکپ میں پاکستان کا ٹیلنٹ نظر آئے ۔وزیراعظم کاکہنا تھا کہ مصباح الحق، اظہر علی اور محمد حفیظ کو سمجھایا ہے کہ نئے ڈومیسٹک سٹرکچر کیلئے اصلاحات میں مشکلات آئیں گی مگر اس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے ، کسی بھی سسٹم کو موثر بنانے کیلئے وقت درکار ہوتا ہے ۔وزیراعظم نے پی ٹی وی اور پی سی بی کے درمیان معاہدے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پی ٹی وی نجی چینلز کیساتھ مقابلہ کرے گا تو لوگ فیس دینا چاہیں گے ، پی ٹی وی بہتر ہوگا تو فیس بھی بڑھا دیں گے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.