Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

پی ٹی آئی کا پیٹرول مہنگا کرنے پر نواز شریف اور آصف زرداری کی ناراضی پر ردعمل

0

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پیٹرول مہنگا کرنے پر نواز شریف اور آصف زرداری  کی ناراضی کو نورا کشتی قرار دیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری اور مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے الگ الگ بیان میں پیٹرول مہنگا کرنے کے حکومتی اقدام پر تنقید کی۔

عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ مریم نواز پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر مگرمچھ کے آنسو بہا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی پالیسی منافقانہ ہے، ایک بڑھکیں مارتا ہے، دوسرا بوٹ پالش کرتا ہے، مریم نواز ملک اور قوم کے ساتھ مخلص ہیں تو لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں۔

مشیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ نواز شریف ڈرپوک ہیں، مشکل وقت میں کارکنوں کو چھوڑ کر ملک سے بھاگ جاتے ہیں۔

اس سے قبل ایک بیان میں شیریں مزاری نے کہا کہ پیٹرول مہنگا کرنے پر نواز شریف کی چھوٹے بھائی کی حکومت سے ناراضی نورا کشتی ہے۔

سابق صدرِ پاکستان آصف علی زرداری  نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف  سے جلد ملاقات ہوگی، جس میں معاشی ٹیم سے متعلق بھی مشاورت کی جائے گی۔

نمائندہ سما سجے ساندھوانی کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں سابق صدر کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی حکومت کا حصہ ہے لیکن ایسے فیصلوں پر مشاورت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو ریلیف دینے آئے ہیں، یہ ہی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اضافے میں سابق صدر آصف زرداری نے بتایا کہ وہ اس سلسلے میں جلد وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریںگے، جس میں معاشی ٹیم کے بارے میں بھی بات چیت کی جائے گی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اضافے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ جوڈیشل ایکٹوزم پینل نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے متفرق درخواست دائر کیں۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔ متفرق درخواستوں میں حکومت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حالیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو کالعدم قرار دے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیاہے۔ فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ جب کہ ڈیزل 51 پیسے سستا کردیا گیا ہے۔

نوٹی فیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ردو بدل کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 233.91 روپے اور ڈیزل کے نئے نرخ 244.44 روپے ہوگئے۔

واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت تقریباً 6 ماہ کی کم ترین سطح پر آچکی ہے، ایک ماہ کے دوران برینٹ کروڈ آئل کے نرخ 107.35 ڈالر سے 94.84 ڈالر پر آچکے ہیں۔

موجودہ حکومت نے اپریل میں حکومت سنبھالنے کے بعد تقریباً ایک ماہ کے دوران بتدریج پیٹرول 84 روپے اور ڈیزل 119 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا تھا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.