Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

چمن : پاکستانی سرحد پار طالبان کا کنٹرول، باب دوستی بند : طالبان حکومت کو تسلیم کرینگے : برطانیہ

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

چمن ،  کابل  :   افغان طالبان نے افغانستان کے پاکستان سے متصل سرحدی شہر سپن بولدک شہر اور بارڈر پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ افغان فورسز کے پیچھے ہٹنے کے بعد درجنوں طالبان پاک افغان سرحد کے گیٹ باب دوستی پر پہنچے اور مرکزی دروازے پر اپنا پرچم لہرا دیا، اس حوالے سے طالبان کی جانب سے ویڈیوز بھی جاری کی گئی ہیں جن میں وہ سرحدی گیٹ سے ملحقہ علاقے میں گشت کرتے اور چوکیوں پر پرچم لہراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری بیان میں بھی اس کی تصدیق کردی گئی ہے ، ترجمان کا کہنا ہے کہ طالبان نے اس وقت سپن بولد ک کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے ، افغان طالبان نے پاکستانی سرحد سے ملحقہ افغان علاقے ویش منڈی پر بھی قبضہ کرلیا ہے ۔ ترجمان طالبان نے اپیل کی کہ شہری اور تاجر باب دوستی کی جانب نہ آئیں ۔ دوسری جانب افغان محکمہ ٹرانسپورٹ نے تصدیق کی ہے کہ افغانستان میں چمن قندھار شاہراہ پر طالبان نے کنٹرول کرلیا جس کے باعث آمدورفت معطل ہے ۔ لیویز حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھی باب دوستی ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند ہے جس کے باعث تجارت بھی معطل ہے ، باب دوستی پر اضافی سکیورٹی تعینات کرکے پاک افغان بارڈر پر ہائی الرٹ کردیا گیا ہے ، باب دوستی گیٹ سے آمدورفت اور تجارت کی بحالی کیلئے طالبان کی مقامی قیادت سے رابطے میں ہیں۔ لیویز کے حکام کے مطابق چمن سے متصل افغانستان کی تمام سرحدی چوکیوں پر طالبان کا قبضہ ہے اور پاک افغان بارڈر پر غیریقینی صورتحال ہے ۔ اس ضمن میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کے ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں طالبان کے سفید جھنڈے ہرجگہ نمایاں ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی متعدد ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طالبان جنگجو سرحدی علاقے میں پرسکون ہیں۔ اس حوالے سے چمن کے اسسٹنٹ کمشنر عارف کاکڑ نے بتایا کہ سکیورٹی ہائی الرٹ ہے جبکہ چمن بارڈر پر بابِ دوستی کو بند کردیا گیا ہے ۔ ادھر افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان نے سپن بولدک کے سرحدی علاقے کی جانب کچھ پیش قدمی کی تھی جہاں افغان سکیورٹی فورسزنے طالبان کا حملہ پسپا کردیا۔ چمن سے نامہ نگار کے مطابق طالبان نے افغانستان کے سرحدی علاقے ویش منڈی، سپن بولدک اور باب دوستی کے نزدیک افغانستان کسٹم ہاؤسز پر کنٹرول حاصل کرلیا جس کے باعث افغانستان جانے والے مسافروں کی بڑی تعداد چمن میں پھنس گئی ہے ۔ دوسری جانب برطانوی وزیر دفاع بین والیس کا کہنا ہے کہ اگر طالبان نے افغانستان کا اقتدار سنبھال لیا تو برطانیہ ان کے ساتھ کام کرے گا، تاہم انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی صورت میں ان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے نظر ثانی کی جائے گی۔انہوں نے کہا طالبان اس بات کے لیے بیتاب ہیں کہ انہیں بین الاقوامی طورپر تسلیم کرلیا جائے ۔ انہیں مالی امداد اور ملک کی تعمیر کے لیے تعاون کی ضرورت ہوگی اور آپ کسی ایسی تنظیم کی مدد نہیں کر سکتے جس نے دہشت گردی کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے ۔ امریکا نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کا عمل 95 فیصد سے زائد مکمل ہو گیا ۔امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کا عمل 95 فیصد سے زائد مکمل ہو چکا ہے ، 984 سی 17 طیاروں کے ذریعے ضروری سامان افغانستان سے نکال لیا گیا، افغانستان میں قائم 7 فوجی اڈے بھی افغان وزارت دفاع کے حوالے کر دیئے گئے ۔ ادھر افغانستان کیلئے روس کے خصوصی نمائندے ضمیر کابلوف نے افغان حکومت پر منافقت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے قبل کہ بہت دیر ہو جائے ، وہ ملک کے مستقبل کیلئے طالبان کیساتھ مناسب مذاکرات شروع کرے ۔ ادھر اشرف غنی حکومت کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ بھارت سے فوجی مدد طلب کرے گی ۔ نئی دہلی میں افغان سفیر فرید ماموند زئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اگر طالبان کے ساتھ بات چیت ناکام ہو جاتی ہے تو ضرورت پڑنے پر افغانستان بھارت سے فوجی امداد طلب کر سکتا ہے ۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ افغانستان میں اس وقت حالات بہت خراب ہو چکے ہیں۔ افغان صدر اشرف غنی نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کی کمر جلد توڑ دی جائے گی، زیرِ قبضہ علاقے واپس لے لیں گے ۔ اس کے علاوہ حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان کے مشرقی صوبہ پکتیا میں ایک حادثاتی دھماکے میں 7 طالبان عسکریت پسند ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہوگئے ۔ دریں اثنا عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان نے افغانستان کے شمالی ضلع پر قبضہ کرنے کے چند دن بعد مقامی مساجد کے پیش اماموں کو خط کے ذریعے خواتین کے گھر سے باہر نکلنے اور سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.