واشنگٹن : امریکی صدر جوبائیڈ ن نے مواخذے کی ناکامی پر کہاہے کہ امریکا میں جمہوریت ابھی کمزور ہے ،ہمیں دفاع کیلئے چوکنا رہنا ہوگا، اپنے ردعمل میں جوبائیڈن نے کہاکہ سینیٹ میں ہونے والے حتمی ووٹ نے ٹرمپ کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے سزا یافتہ نہیں قرار دیا، لیکن الزامات کے متن پر کوئی تنازع نہیں ہے ۔ یہ ہماری تاریخ کا افسوسناک باب ہے جس نے ہمیں یاددلایا کہ ابھی جمہوریت کمزور ہے ۔امریکا میں تشدد کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ادھر رائٹرزکے مطابق ٹرمپ کے مواخذے کی ناکامی نے امریکا کو مزید تقسیم کردیا، کانگریس مکمل طور پر تقسیم ہوکر رہ گئی۔ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی کو ٹرمپ کا ساتھ دینے والے ریپبلکن ارکان کو بزدل قرار دیا۔ ریپبلکن کے اقلیتی لیڈر مچ مکونل نے کہاکہ اخلاقی طور پر کانگریس حملے کی ذمہ داری ٹرمپ پر عائد ہوتی ہے ۔دوسری طرف سینیٹ میں برّی الذمہ قرار دئیے جانے کے بعد ٹرمپ نے تحریری بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے ڈیموکریٹس کو قانون کی بالادستی پر دھبہ لگانے اور عدالت کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کرنے کا قصوروار ٹھہرایا ۔ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو دوبارہ سے شاندار بنانے کے لئے ہم نے جن تاریخی تحریکوں کو شروع کیا ہے وہ ابھی آغاز کے مراحل میں ہیں۔ آنے والے مہینوں میں میں آپ کو اور بہت سی چیزوں سے آگاہ کروں گا۔ اس شاندار سفر کا مل کر آغاز کرنے کیلئے ہم بے صبری سے منتظر ہیں۔ وہ بہت جلد امریکا کے روشن مستقبل کے ویژن کے ساتھ ابھر کر سامنے آئیں گے ۔
مشرق مزید