Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

مالی سال21:ترسیلات زر29.4 ارب ڈالر کی تاریخی سطح پر

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کراچی ( بزنس رپورٹر) بیرون ملک مقیم کارکنوں کی ترسیلات ِزر کی مد میں دو ارب ڈالر سے زائد آنے کا ریکارڈ مسلسل تیرہویں مہینے جاری رہا اور جون 2021میں تقریباً 2.7 ارب ڈالر 9 فیصد نمو (سال بہ سال)اور 8 فیصد نمو (ماہ بہ ماہ)کی رقم آئی ، عید سے قبل رقوم کی آمد سے جون میں ترسیلات زر مزید بڑھنے میں مدد ملی۔اسٹیٹ بینک کے مطابق مجموعی بنیاد پر ترسیلات زر مالی سال 21 میں 29.4 ارب ڈالر کی سالانہ تاریخی سطح تک پہنچ گئیں، اس سے گزشتہ سال کے مشکل عالمی معاشی حالات کے باوجود ملک کی بیرونی شعبے کی پوزیشن بہتر کرنے میں مدد ملی ہے ، مالی سال 21 میں پچھلے برس کی نسبت ترسیلات ِزر میں 27 فیصد کی نمایاں نمو دیکھی گئی جو مالی سال 2003 سے اب تک اضافے کی تیز ترین شرح ہے ۔مالی سال 21 کے دوران ترسیلات ِزر زیادہ تر سعودی عرب (7.7 ارب ڈالر)، متحدہ عرب امارات (6.1 ارب ڈالر)، برطانیہ (4.1 ارب ڈالر)اور امریکا (2.7 ارب ڈالر)سے آئیں،مجموعی طور پر مالی سال 21کے دوران کارکنوں کی ترسیلات ِزر کی ریکارڈ رقوم کی آمد کے اسباب باضابطہ طریقوں کے استعمال کی ترغیب دینے کیلئے حکومت اور اسٹیٹ بینک کے فعال پالیسی اقدامات، کووڈ 19 کی بنا پر سرحد پار سفر میں کمی، وبا کے دوران پاکستان کو بھیجی جانے والی فلاحی رقوم اور زرمبادلہ مارکیٹ کے منظم حالات تھے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.