Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

اردو زبان کا نفاذ بلوچستان ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل سے رپورٹ طلب کرلی

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کوئٹہ : چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس محمد کامران ملاخیل پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے ایڈووکیٹ سید نذیر آغا کی اردو کو دفتری، تعلیمی ‘عدالتی اور سرکاری زبان بنانے اور پبلک سروس کمیشن کے امتحانات انگریزی کے ساتھ اردو زبان میں لینے کے متعلق آئینی درخواست نمبر 1474/2020 کی سماعت کی، گزشتہ روز جب سماعت شروع ہوئی تو مدعا علیہ نمبر 1 وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شہک بلوچ نے اردو زبان میں عدالت عالیہ میں جواب جمع کراتے ہوئے ۔ موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے 8ستمبر 2015 کے فیصلے کی روشنی میں عدالتی مقدمات میں سرکاری محکموں کو جوابات حتی الامکان اردو زبان میں پیش کرنے کے لیے سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی کے ذریعے تمام محکموں کے سیکرٹریز کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ شہری اس قابل ہو سکیں کہ وہ موثر طریقے سے اپنے قانونی حقوق نافذ کروا سکیں،درخواست گزار سید نذیر آغا ایڈووکیٹ نے عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین سمیت عوام کی بڑی تعداد انگریزی زبان سمجھنے سے قاصر ہیں اور 1973 کے آئین پاکستان کے دفعہ 251 اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس پر مشتمل بینچ کا حکم ہے کہ اردو کو دفتری عدالتی اور سرکاری زبان بنانے کے فیصلے پر عمل درآمد کروایا جائیں۔

اور اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان کے دفتر سے بھی ایک حکم نامہ تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور محکموں کو ارسال کیا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی تمام سرکاری تقریبات کی کاروائی اردو زبان میں منعقد کی جائیں درخواست گزار نے بلوچستان ہائیکورٹ سے استدعا کی کہ مختلف مقامات کے نوٹسز اور عدالتی کاز لسٹ اردو زبان میں جاری کرنے کا حکم نامہ جاری کیا جائیں کیونکہ مختلف مقدمات میں تمام فریقین کو عدالتی نوٹسز اردو میں جاری کروانا عدالت کے اختیار میں ہیں جس پر چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے ہاں سیشن کورٹ اور کچہری میں نوٹسز پہلے ہی اردو زبان میں جاری ہو رہے ہیں بعد ازاں بلوچستان ہائیکورٹ نے اردو زبان کے نفاذ کے متعلق ایڈووکیٹ جنرل حکومت بلوچستان اور رجسٹرار ہائیکورٹ سے اگلی سماعت پر مفصل جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.