Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

سخت موسم کے باعث ‘کے ٹو’ پر لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش تاحال جاری

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ‘کے ٹو’ سر کرنے کی مہم کے دوران لاپتا کوہ پیماؤں محمد علی سد پارہ، جان اسنوری اور جان پابلو موہر کے اہلِ خانہ نے کہا ہے کہ انہوں نے گزشتہ روز سخت موسم کے باعث ’72 کٹھن گھنٹوں کی مسلسل اور بھرپور کوششوں’ کے رک جانے کے بعد ریسکیو مشن جاری رکھنے کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔

کے ٹو کی چوٹی پر گہرے بادلوں کا اب بھی راج ہے اور تینوں کوہ پیماؤں کے بچنے کی اُمیدیں دم توڑ رہی ہیں جبکہ چلی سے تعلق رکھنے والے جان پابلو موہر کی آج 34 ویں سالگرہ بھی ہے۔

پاکستان سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما محمد علی سد پارہ، آئس لینڈ کے جان اسنوری اور چلی کے جان پابلو موہر سے اس وقت رابطہ منقطع ہوگیا تھا جب انہوں نے 4 اور 5 فروری کی درمیانی شب بیس کیمپ تھری سے کے-ٹو کی چوٹی تک پہنچنے کے سفر کا آغاز کیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ایک عہدیدار کے مطابق جیسے ہی موسم بہتر ہوگا تینوں کوہ پیماؤں کی تلاش کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا اور فوج کی جانب سے تمام وسائل متحرک کردیے گئے ہیں۔

عہدیدار کا کہنا تھا کہ سرچ اور ریسکیو کا مشن چوتھے روز میں داخل ہوگیا ہے اور تمام فضائی اور زمینی کوششیں کی جارہی ہیں، ساتھ ہی اس بات کو تسلیم کیا گیا کہ موسم کی سخت صورتحال اور بلندی پر ہونے کی وجہ سے مشن میں مشکلات کا سامنا ہے لیکن انہوں نے کہا کہ تلاش جاری رہے گی اور اس ضمن میں کوئی بھی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

تفصیلات بتاتے ہوئے عہدیدار نے کہا کہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران آرمی ایوی ایشن کے ٹو ہیلی کاپٹرز استعمال کیے گئے۔

عہدیدار کا کہنا تھا کہ ‘ایکیوروئیل’ ہیلی کاپٹرز اس مشن میں استعمال ہورہے ہیں جو 7 ہزار میٹر کی بلندی سے زائد پر پرواز نہیں کرسکتے جبکہ کوہ پیماؤں کی بوٹل نیک سے اوپر کسی مقام پر موجودگی کا امکان ہے جہاں بلندی 8 ہزار 100 میٹر ہے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا کہ ‘گزشتہ روز سی-130 طیارے کے ذریعے ایک خصوصی ‘فاروڈ لوکنگ انفراریڈ (ایف ایل آئی آر) مشن کی منصوبہ بندی کی گئی تاہم ایف ایل آئی آر اس بلندی اور درجہ حرارت پر آپریٹ نہیں کیا جاسکتا’۔

دوسری جانب الپائن کلب کے سیکریٹری کرار حیدری نے کہا کہ مشن جاری رہے گا لیکن موسم کی خراب صورتحال اس عمل کو مشکل بنا رہی ہے، آج موسم بہت زیادہ ابر آلود ہے اور حد نگاہ کم ہے، اُمید ہے کہ موسم بہتر ہوجائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.