دنیا بھر میں فون سے رابطے اور ویڈیو کالنگ کی مشہور ’واٹس ایپ‘ نے اپنے نئے پیغام میں کہا ہے کہ وہ 8 فروری سے اپنے لگ بھگ دو ارب صارفین کا ڈیٹا اپنی مرکزی کمپنی فیس بک سے شیئر کرے گی۔
اس ڈیٹا میں آپ کے کوائف، محلِ وقوع اورشاید دوستوں کے نمبر تک بھی شامل ہوسکتےہیں۔ واٹس ایپ نے سال کے آغاز پر اپ گریڈیشن کےساتھ نئی شرائط بھی جاری کی ہیں۔ اس سے قبل واٹس ایپ نے ہمیشہ یہ دعویٰ کیا ہے کہ آپ کے ڈیٹا کی سیکیورٹی کے معیارات بہت سخت ہیں اور دونوں روابط کے مابین اینکرپشن کے معیارات بہت سخت اور قدرے محفوظ ہیں۔
لیکن اب اگلے ماہ سے واٹس ایپ کمپنی آپ کا نام، کوائف، آئی پی ایڈریس، فون ماڈل، آپریٹنگ سسٹم، بیٹری چارجنگ کی مقدار، سگنل کی شدت، براؤزر کی قسم، موبائل نیٹ ورک، آئی ایس پی، زبان، ٹائم زون اور یہاں تک کہ آئی ایم ای اے بھی معلوم کرے گی اور شاید یہ معلومات فیس بک کے حوالے کرے گی۔