دنیا کی طاقتور ترین مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے جلد ہی عہدہ صدارت سے سبکدوش ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ ہمیشہ کے لیے بند کردیا۔
ماضی میں ٹوئٹر انتظامیہ ڈونلڈ ٹرمپ کی نفرت انگیز اور تشدد پر اکسانے والی ٹوئٹس کو ہذف یا ڈیلیٹ کرتا آیا تھا، تاہم اب ان کے اکاؤنٹ کو مستقل بنیادوں پر بند کردیا گیا۔
ٹوئٹر کے علاوہ فیس بک اور دیگر سوشل ویب سائٹس بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی نفرت انگیز پوسٹس کو ڈیلیٹ کرتی آ رہی تھیں، تاہم دیگر ویب سائٹس نے ان کے اکاؤنٹ کو تاحال مستقل بنیادوں پر بند نہیں کیا۔
رپورٹ میں بتایا کہ ٹوئٹر انتظامیہ نے حال ہی میں امریکی دارالحکومت کے اہم ترین علاقے کیپیٹل ہل میں ہونے والے ہنگاموں سے متعلق نفرت انگیز مواد شیئر کرنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کیا۔