Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

پاکستان پہلے میچ میں 6 وکٹوں سے کامیاب ,آج دوسرے ٹی 20 کیلئے نفسیاتی برتری حاصل

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

راولپنڈی،لاہور( سپورٹس رپورٹر)  پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں کامیابی کی بدولت آج ہونے والے دوسرے معرکے کیلئے نفسیاتی برتری حاصل کرلی ہے ، مرد میدان بابر اعظم کے 82اور محمد حفیظ کے 36رنز نے 6 وکٹوں سے فتح دلا دی اور بلیسنگ موزارابانی کی 2 وکٹیں رائیگاں کردیں ،اس سے قبل زمبابوین ٹیم 6وکٹوں پر 156رنزبنا سکی،ویزلے مدھیویرے 70،شان ولیمز 25اور ایلٹن چیگمبورا 21 رنزبنا کر نمایاں رہے ،حارث رؤف اور وہاب ریاض کے 2،2 شکاروں نے کام کر دکھایا،ہوم ٹیم کو سیریز میں 1-0سے برتری حاصل ہوگئی۔پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں ٹاس جیت کر زمبابوے نے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان نے لیگ سپنر عثمان قادر کو کیپ دے کر میدان میں اتار دیا۔مہمان کپتان چامو چبھابھا کو محمد حسنین نے کھاتہ کھولنے سے قبل ایل بی ڈبلیو کردیا تو برینڈن ٹیلر کے 20اور شان ولیمز کے 25رنز بھی اننگز کو مستحکم نہیں کر سکے کیونکہ 11ویں اوور میں سکندر رضا کی واپسی کیساتھ زمبابوے کی چار وکٹیں 87رنز پر گر چکی تھیں۔ریان برل بھی 8 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے تو ویزلے مدھیویرے نے 21رنز بنانے والے ایلٹن چیگمبورا کیساتھ سکور کو مستحکم کردیا اور اپنی نصف سنچری مکمل کرنے میں بھی کامیاب رہے اور یہ ان کے نو چوکوں اور ایک چھکے سے آراستہ ناقابل شکست 70رنز تھے جس کے سبب مہمان ٹیم نے 6وکٹوں پر 156رنز بنائے ۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حسنین اور عثمان قادر ایک،ایک وکٹ ہی لے سکے ۔جوابی اننگز میں قومی کپتان بابر اعظم نے ابتدائی چار اوورز میں 19رنز بنانے والے فخر زمان کے ساتھ 36رنز جوڑے لیکن حیدرعلی کو ان کی جلد بازی محض7رنز کا مالک ہی بنا سکی تاہم اس کے بعد بابر اعظم نے محمد حفیظ کے ساتھ 80رنز کی رفاقت قائم کر کے جیت کی راہ ہموار کردی ،ان دونوں کو 14رنز کے فرق سے میدان چھوڑنا پڑا ۔پاکستان نے 19ویں اوور میں چھ وکٹوں سے کامیابی سمیٹ کر سیریز میں بھی 1-0کی برتری حاصل کرلی ۔مرد میدان بابر اعظم نے 82رنز میں نو چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ محمد حفیظ نے 36رنز میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔واضح رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ آج راولپنڈی میں ہی کھیلا جائیگا جس کیلئے فاتح پاکستانی ٹیم نے کامیابی کی بدولت نفسیاتی برتری حاصل کرلی ہے ۔ آج میچ سہ پہر ساڑھے 3بجے شروع ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.