Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

بیٹے کے قتل میں ملوث ملزمہ کو بری الزمہ قرار دینے کیلئے ریاستی طاقت استعمال ہو رہی ہے، والدہ صحافی واحد رئیسانی

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کوئٹہ  :  شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی کی والدہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چند بااثر لوگ واحد رئیسانی کے قتل میں گرفتار ملزمہ کو بری الزمہ قرار دینے کیلئے ریاستی طاقت کو اپنے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے ڈی آئی جی کوئٹہ اظہر اکرم سے مطالبہ کیا ہے کہ سریاب تھانے کے اہلکاروں کو بھی معطل کرکے شامل تفتیش کیا جائے،ڈیوٹی پر نہ ہونے کے باوجودجائے وقوعہ اور ہسپتال پہنچ کرہمارے لوگوں کو واحد رئیسانی کی شہادت کی اطلاع دینے والے اہلکار کانام جلد پریس کانفرنس میں سامنے لایا جائے گا تاکہ اس سے پوچھا جائے کہ کس کے کہنے پر اس نے یہ اطلاع دی۔ یہ بات انہوں نے شہید عبدالواحد رئیسانی کی یاد میں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں رئیسانی قبیلے کے معتبرین کی جانب سے منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ اظہر اکرم اور جے آئی ٹی کے سربراہ اسد خان ناصر کی ذاتی کوششوں سے پولیس نے واحد رئیسانی کے قتل میں ملوث نامعلوم ملزمان کا سراغ لگا کر ان میں سے دو کو گرفتار کرلیا ہے تاہم تیسرے ملزم کی گرفتاری میں پولیس کو تاحال ناکامی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ گرفتار ملزمہ کو بری الزمہ قرار دینے کیلئے کچھ لو گ ریاستی طاقت کو اپنے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کررہے ہیں جن کیخلاف جلد وائٹ پیپر جاری کریں گے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کس کے دباؤمیں پولیس کے ریمانڈ میں ہونے کے باوجود ملزمہ سے تفتیش کرنے کی بجائے اسے گھر جیسا ماحول فراہم کیا جہاں جرائم پیشہ خاندان کے دیگر افراد ملزمہ سے نہ صرف باآسانی ملاقات کررہے تھے بلکہ ضمانت کے کاغذات بھی وہیں تیار کئے گئے اور جب ملزمہ کو جیل منتقل کیا گیا تو وہاں بھی اسے یہ تمام سہولیات اور آسائشیں میسر ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے آئین اور قانون کے پابند ہیں اور آئین اور قانون کے ہر فیصلہ کا احترام کریں گے مگر اگر کسی نے آئین اور قانون سے کھلوا ڑ کرکے ملزمان سے رعایت برتنے کی کوشش کی تومتاثرہ خاندان حصول انصاف کیلئے ہر حد تک جانے سے گریز نہیں کریگا۔انہوں نے ایک مرتبہ پھر ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ اظہر اکرم سے مطالبہ کیا کہ مفرور ملزم کی فوری گرفتاری اور کرفتار ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.