Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

دورہ انگلینڈ ناقص کارکردگی,پی سی بی مصباح الحق سے جوابد ہی کیلئے تیار

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کراچی : دورہ انگلینڈ کے دوران قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث ہیڈ کوچ مصباح الحق پی سی بی کے ریڈار میں آگئے ۔ بورڈ چیئرمین احسان مانی نے ہیڈ کوچ سے گرین شرٹس کی خراب کارکردگی پر وضاحت طلب کرنے کا عندیہ دیا ہے ،کرکٹ کمیٹی یہ معاملہ دیکھے گی۔ گزشتہ روز انہوں نے کہا کہ وہ مصباح الحق سے ٹیم کے مستقبل سے متعلق پلان پر بات چیت کریں گے اور اس موقع پر حالیہ سیریز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ 12 ماہ میں پاکستان کو صرف 2 ٹیسٹ میچز میں کامیابی ملی جبکہ 3 میں شکست ہوئی ۔ گرین شرٹس نے 3 میں سے 2 ون ڈے جیتے اور ایک میچ بارش کی وجہ سے ممکن نہ ہو سکا جبکہ 12 میں سے صرف3 ٹی ٹونٹی میچز میں کامیابی حاصل کی ، 6میں ناکامی ملی اور 3بارش کی وجہ سے ممکن نہ ہو سکے ۔ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 1-0سے شکست ہوئی جبکہ ٹی ٹونٹی سیریز1-1سے برابر رہی۔ احسان مانی کے مطابق وہ ٹیم مینجمنٹ کو مکمل اختیارات دینے پر یقین رکھتے ہیں اور اس لئے آفیشلز کو مکمل سپورٹ بھی کر رہے ہیں لیکن خراب کارکردگی پر وہ ذمہ دار اور جوابدہ بھی ہوں گے اور کرکٹ کمیٹی کی جانب سے بھی ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا ۔ احسان مانی نے بتایا کہ ٹیم اور کھلاڑیوں کی کارکردگی میں تسلسل لانے کیلئے تجربہ کار پروفیشنلز موجود ہیں ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی اور پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں کرانے سے اعتماد کی فضا قائم ہو ئی کیونکہ پہلے اعتماد کی کمی کی وجہ سے غیر ملکی ٹیمیں یہاں آنے پر آمادہ نہیں تھیں ۔2017-18میں ورلڈ الیون کے دورے کے اخراجات پی سی بی نے ادا کئے جبکہ چار انٹرنیشنل سیریز جو ایف ٹی پی کا حصہ تھیں وہ بھی منعقد کی گئیں۔ احسان مانی کا کہنا تھا کہ تقریبا 425غیر ملکی کرکٹرز نے پی ایس ایل کھیلنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی جن میں سے 40غیر ملکی کھلاڑیوں نے تقریبا ایک ماہ تک پاکستان میں وقت گزارا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.