Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

2 ہفتوں سے بھی کم وقت میں کورونا کیسز 50 فیصد بڑھ گئے

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اسلام آباد  : گزشتہ ماہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کی جانب سے کی گئی پابندیوں میں نرمی سے اب تک ملک میں کووِڈ 19 کے کیسز تقریباً 50 فیصد بڑھ چکے ہیں۔

صرف ایک روز میں یعنی7 مارچ (آج) کو ایک ہزار 780 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 39 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور فعال کیسز کی تعداد بھی 18 ہزار 55 ہوگئی ہے۔

24 فروری کو این سی او سی نے تجارتی سرگرمیوں، اسکولز، دفاتر اور دیگر کام کی جگہوں پر کورونا وائرس سے متعلق زیادہ تر پابندیاں نرم کرنے اور انہیں مکمل طور پر فعال کرنے کی اجازت دے دی تھی۔ این سی او سی کی ہدایات کے تحت کاروباری سرگرمیوں پر اوقات کار کی حد اور دفاتر میں 50 فیصد حاضری کی ہدایت ختم کردی گئی تھی جبکہ اسکولوں کو تمام طلبہ کے ساتھ ہفتے کے پانچوں دن فعال کرنے کا کہا گیا تھا۔

انِ ڈور شادی کی تقریبات، سینما اور مزارات 15 مارچ سے کھولنے کی اجازت دے دی گئی تھی البتہ ریسٹورنٹس میں اِن ڈور ڈائننگ کی اجازت دینے کا فیصلہ 10 مارچ کو ہونے والے اجلاس کے نتائج میں سامنے آئے گا۔

اس کے ساتھ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مئی کے اواخر یا جون کے اوائل میں بلدیاتی اور کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کروانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

این سی او سی کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق 27 فروری کو ایک ہزار 176 اور یکم مارچ کو ایک ہزار 163 کیسز سامنے آئے لیکن اس تعداد میں اچانک اضافہ ہوا اور 2 مارچ کو ایک ہزار 388 جبکہ 4 مارچ کو ایک ہزار 519 کیسز رپورٹ ہوئے۔

جس کے بعد ہفتے کو جاری کردہ اعداد و شمار میں ایک ہزار 714 کیسز سامنے آئے جو گزشتہ 2 ہفتوں سے بھی کم وقت میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ہے جبکہ 38 اموات بھی رپورٹ ہوئیں۔ علاوہ ازیں ملک بھر میں 210 وینٹیلیٹرز زیر استعمال تھے، لاہور میں زیر استعمال وینٹیلیٹرز کی شرح 34 فیصد، اسلام آباد میں 32 فیصد، پشاور میں 21 اور ملتان میں 17 فیصد ہے۔

آکسیجن کی سہولت والے بستروں کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ گجرات میں ان کے استعمال کی شرح 94 فیصد، پشاور میں 38 فیصد، ملتان میں 30 فیصد اور استعمال میں 26 فیصد آکسیجن کی سہولت والے بستر زیر استعمال ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.