Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

راولپنڈی ٹیسٹ : حسن علی کا جنریٹرآن،5پروٹیز بلے بازوں کا شکار

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

لاہور ( سپورٹس رپورٹر) دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی بیٹنگ پھر موم کی طرح پگھل گئی جب 129پر چھ وکٹیں گنوا دی گئیں ،جارج لینڈے کی تین وکٹوں کے سامنے اظہرعلی کے 33 رنزنمایاں رہے تاہم قومی ٹیم کو 200 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو گئی،اس سے قبل 5وکٹیں لینے والے قومی پیسر حسن علی کا جنریٹر آن رہااور وہ پروٹیز بلے بازوں کو آؤٹ کرکے اپنے مخصوص انداز میں جنریٹر چلاتے رہے ،ان کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث جنوبی افریقہ کی ٹیم 201 رنز تک محدود رہی اورپاکستان کو پہلی اننگز میں 71 رنز کی برتری مل گئی ، ٹیمبا بفوما 44 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز چار وکٹوں پر 106رنز کے ساتھ شروع کی تو کوئنٹن ڈی کوک 29 رنز پراپنی وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ 3 چوکوں اور ایک چھکے سمیت 33 رنز بنا کر ویان مولڈر نے ٹیمبا بفوما کے ساتھ50رنز جوڑ کر صورتحال بہتر بنائی مگر ان کے رن آؤٹ ہونے کے بعد 21 رنز بنانے والے جارج لینڈے کو برطرف کر کے حسن علی نے لنچ پر پروٹیز کا سکور 7 وکٹوں پر 188رنز کردیا۔دوسرے سیشن میں محض 9رنز کے فرق سے 3 وکٹیں ضائع کر کے مہمان ٹیم 201 تک محدود رہی جس میں ٹیمبا بفوما 5 چوکوں سمیت 44 رنزبنا کر ناٹ آؤٹ رہے البتہ پاکستان کو پہلی اننگز میں 71 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 5وکٹوں کی بہترین کارکردگی پیش کی۔دوسری پاکستانی اننگزبدترین آغاز کے گھیرے سے باہر نہ نکل سکی جب کگیسو ربادا نے عمران بٹ کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کردیا اور عابد علی بھی 13رنز بنا کر چلتے بنے ۔کپتان بابر اعظم کو کیشو مہاراج نے تیسری مرتبہ ایل بی ڈبلیو کیا تو وہ صرف8رنز بنا سکے تھے مگر مشکلات میں اس وقت اضافہ ہوا جب جارج لینڈے نے 33 رنز بنانے والے اظہرعلی کے بعد فواد عالم کو بھی 12رنز پر پھانس لیا۔محمد رضوان نے 5وکٹوں پر 76رنز کی نازک صورتحال میں پانچ چوکوں سمیت 29 رنز بنانے والے فہیم اشرف کے ساتھ قیمتی 52 رنز جوڑے لیکن دن کا اختتام ہوا تو پاکستان کا سکور چھ وکٹوں پر 129 رنز تھا۔محمد رضوان 28اور حسن علی صفر پر کھیل رہے ہیں جبکہ پاکستان کی مجموعی برتری 200 رنز ہو گئی ہے ۔آج دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کا چوتھا دن ہے ،میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان کو ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 5ویں پوزیشن مل جائیگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.