Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

زمبابوے سے ٹی20 سیریز: بابر کے پاس عالمی نمبر ایک بننے کا نادر موقع

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ہفتے سے شروع ہونے والی ٹی20 سیریز کے دوران قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے پاس دوبارہ کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ کا عالمی نمبر ایک بلے باز بننے کا نادر موقع ہے۔

زمبابوے کے خلاف آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں 125 رنز کی عمدہ اننگز سمیت مجموعی طور پر سیریز میں 221 رنز بنانے والے بابر اعظم ٹی20 کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں ایک عرصے تک عالمی نمبر ایک رہے اور وہ اس وقت تینوں فارمیٹس میں واحد ایسے بلے باز ہیں جو صف اول کے پانچ بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

پاکستان کے کپتان جنوری 2018 سے اب تک چار مختلف مواقع پر عالمی نمبر ایک رہتے ہوئے مجموعی طور پر ٹی20 میں 774 دن تک سرفہرست بلے باز رہے ہیں اور رواں سال ستمبر تک بھی وہ اس منصب پر فائز تھے۔

تاہم انگلش بلے باز ڈیوڈ ملان نے انہیں اس اعزاز سے محروم کردیا جو ان سے صرف 8 پوائنٹس کے فاصلے سے نمبر ایک بلے باز ہیں اور سیریز میں اچھی کارکردگی کی بدولت بابر دوبارہ عالمی نمبر ایک بلے باز بن سکتے ہیں۔

اسی طرح سیریز میں اسپن باؤلنگ آل راؤنڈر عماد وسیم کی نظریں بھی بہترین کارکردگی دکھا کر اچھی رینکنگ کے حصول پر مرکوز ہوں گی جو اس وقت باؤلر کی عالمی درجہ بندی میں 8ویں نمبر پر موجود ہیں۔

عماد بھی 2017 اور 2018 میں مجموعی طور پر 146 دن تک عالمی نمبر ایک باؤلر رہ چکے ہیں۔

آئندہ سال بھارت میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ 2021 کے انعقاد میں ایک سال رہ گیا ہے اور ایسے میں تمام کھلاڑی بہتر سے بہتر کارکردگی دکھا کر ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنانے کی کوشش کریں گے۔

ماضی میں عالمی نمبر دو بلے باز فخر زمان مستقل ناقص کارکردگی کی وجہ سے 22ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ 2007 میں کیریئر کی بہترین نویں پوزیشن حاصل کرنے والے بیٹنگ آل راؤنڈ محمد حفیظ بھی 42ویں نمبر پر براجمان ہیں۔

شاداب خان انجری کے سبب زمبابوے کے خلاف پہلے ٹی20 میچ میں تو شرکت نہیں کر سکیں گے لیکن اس کے باوجود باؤلرز کی عالمی رینکنگ میں نویں نمبر پر موجود آل راؤنڈر بہتر کارکردگی کے لیے پرعزم ہیں جبکہ دو سال قبل کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن پر موجود فہیم اشرف بھی 32ویں نمبر پر ہیں۔

زمبابوے کی ٹیم کی بات کی جائے تو شان ولیم بیٹنگ میں 54ویں اور باؤلنگ میں 45ویں پوزیشن پر موجود ہیں لیکن وہ ماضی میں اس سے بہتر کارکردگی دکھا چکے ہیں، وہ اس فارمیٹ کے ایک بہترین آل راؤنڈ ہیں اور ٹی20 آل راؤنڈرز کی عالمی درجہ بندی میں اس وقت تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

اس کے ساتھ سیریز کے لیے قومی ٹیم اپنی عالمی درجہ بندی بھی بہتر کرنے کی کوشش کرے گی جہاں ماضی کی عالمی نمبر ایک ٹیم اس وقت چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

ٹی20 کی عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا 275 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ انگلینڈ 271 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت 266 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، پاکستان 261 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور زمبابوے 181 پوائنٹس کے ساتھ 11ویں نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی20 میچ کل راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں 8 اور 10 دس نومبر کو بالترتیب دوسرے اور تیسرے ٹی20 میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.