Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

وزیراعظم آج اعتماد کا ووٹ لیں گے، قومی اسمبلی کا اجلاس سوا بارہ بجے شیڈول

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اسلام آباد  : وزیر اعظم عمران خان آج اعتماد کا ووٹ لیں گے، قومی اسمبلی کا اجلاس دن سوا بارہ بجے شیڈول ہے۔ 340 کے ایوان میں حکومتی اتحاد کی تعداد 180 جبکہ اپوزیشن کے پاس 160 ووٹ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کو ایوان کا اعتماد حاصل کرنے کے لئے قومی اسمبلی کے 171 ارکان کی حمایت حاصل کرنا ضروری ہوگی جبکہ اس وقت ایوان زیریں میں حکومتی اتحاد کے ارکان کی تعداد 180 ہے۔

ایوان زیریں میں پی ٹی آئی کے اپنے 156 اراکین ہیں جبکہ اتحادیوں میں ایم کیو ایم کی 7، مسلم لیگ (ق) اور بی اے پی کی 5، 5 نشستیں ہیں، جی ڈی اے کی 3، آل پاکستان مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کی ایک، ایک نشست ہے، 2 آزاد امیدوار بھی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

متحدہ اپوزیشن میں مسلم لیگ (ن) کے 83 اور پیپلز پارٹی کے 55 اراکین ہیں۔ متحدہ مجلس عمل پاکستان کی 15، بی این پی کی 4، اے این پی کی 1 نشست ہے جبکہ اپوزیشن کو 2 آزاد امیدواروں کا ساتھ بھی حاصل ہے تاہم پی ڈی ایم نے آج کے اجلاس کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا۔

قومی اسمبلی قواعد کے مطابق وزیراعظم اعتماد کا ووٹ قرار داد کے تحت رائے شماری کے ذریعے لیں گے۔ قومی اسمبلی اجلاس شروع ہونے کے بعد سپیکر 5 منٹ تک گھنٹیاں بجانے کی ہدایت کریں گے جس کا مقصد پارلیمنٹ کی عمارت میں موجود تمام ارکان کی حاضری یقینی بنانا ہوگی۔ اس کے بعد ہال کے تمام دروازے بند کر دئیے جا ئیں گے۔

سپیکر وزیراعظم پر اعتماد کی قرارداد پڑھنے کے بعد ارکان سے کہیں گے کہ ان کے حق میں ووٹ ڈالنے کے خواہشمند شمار کنندگان کے پاس ووٹ درج کروا دیں۔ فہرست میں رکن کے نمبر کے سامنے نشان لگا کر اس کا نام پکارا جائے گا۔ ووٹ درج ہونے کے بعد ا پوزیشن اور حکومتی ارکان اپنی اپنی لابیز میں انتظار کریں گے۔ سیکرٹری قومی اسمبلی گنتی کا نتیجہ سپیکر کے حوالے کریں گے۔ سپیکر ارکان کو ہال میں واپس بلا کر نتیجے کا اعلان کر دینگے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.