Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

بلوچستان: افغانستان سے دہشت گردوں کے حملے میں 4 ایف سی اہلکار شہید، 6 زخمی

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

بلوچستان کے ضلع ژوب میں افغانستان سے دہشت گردوں کے حملے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 4 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ‘آئی ایس پی آر’ سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاک ۔ افغان سرحد کے ساتھ سیکٹر منکزئی میں باڑ لگانے کا کام جاری تھا، جس دوران افغانستان سے دہشت گردوں نے ایف سی کے اہلکاروں پر حملہ کیا۔

دہشت گردوں کے حملے میں 4 ایف سی اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔

ایف سی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے حملے کا فوری اور مؤثر جواب دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ زخمی اہلکاروں کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کردیا گیا۔

سرحد پار سے دہشت گردی کے حملوں میں شہید ہونے والوں میں حوالدار نور زمان، سپاہی شکیل عباس، سپاہی احسان اللہ اور نائیک سلطان شامل ہیں۔

واضح رہے کہ یہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار فائرنگ کا پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں پاکستانی شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

رواں سال 12 فروری کو خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے باجوڑ میں افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں کی جانب سے داغے گئے راکٹوں کے باعث 5 سالہ بچی جاں بحق اور 7 بچے زخمی ہوگئے تھے۔

14 اکتوبر 2020 کو قبائلی علاقے باجوڑ میں پاک ۔ افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

قبل ازیں 22 ستمبر کو پاک ۔ افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر سرحد پار سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.