Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہو چکا ہے ، پشتونخوامیپ

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

ہرنائی  :  پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی وصوبائی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے پارٹی ضلع ہرنائی کے ضلعی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہو چکا ہے نااہل کرپٹ مسلط ٹولے کی مزید حکمرانی ملک کیلئے سنگین خطرہ ہے، ملک کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے طے کردہ جمہوری چارٹر اور جمہوری اصولوں کے مطابق چلایا جائے، خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے پیروکار کہلانے والوں کو باکردار ہونا ہوگا، پارٹی کارکن متحد ومنظم ہوکر قومی اہداف کے حصول کیلئے جاری تحریک کو مزید تقویت دیں، کارکن 23مارچ PDMلانگ مارچ کیلئے بھرپور تیاریاں کریں،ہرنائی زلزلہ متاثرین سے ہونیوالی ناانصافیاں ناقابل برداشت ہے پارٹی پہلے روز سے متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ اجلاس میں پارٹی کے ضلعی ایگزیکٹو وضلع کمیٹی کے اراکین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی کی گزشتہ ماہ کی تنظیمی رپورٹ پیش کی گئی جس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کارکنوں کو تاکید کی گئی کہ وہ پارٹی پروگرام کو مزید عوام تک پہنچانے کیلئے شب وروز محنت کریں اور پارٹی کے ڈسپلن نظم وضبط پر مکمل پابندی کرتے ہوئے اپنے قومی سیاسی جمہوری جدوجہد کو جاری رکھیں۔ عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ 2018کے انتخابات میں ملک کی تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی اور دھاندلی کے ذریعے نااہل کرپٹ ٹولے کو ملک کے 22کروڑ عوام پر مسلط کردیا گیا جس نے اپنی نااہل کرپشن وکمیشن، ناکامی کے باعث ملک کے اپنی تاریخ کے بدترین بحرانوں میں دھکیل دیا ہے، بیروزگاری، غربت، مہنگائی پر کوئی کنٹرول نہیں اور آج ملک معاشی طور پر دیوالہ اور عالمی طور پر تنہا ہوچکا ہے اور اسٹیبلشمنٹ کو اپنے ہی چہتے گلے پڑ گئے ہیں اس نااہل مسلط ناتجربہ ٹولے کا مزید حکمرانی کرناملک اور اس کے اداروں کیلئے کسی خطرہ سے کم نہیں او ملک کے 22کروڑ عوام کو سلیکٹڈ حکومت کی مزید حکمرانی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے طے کردہ جمہوری چارٹر اور جمہوری اصولوں پر ہی چلایا جاسکتا ہے پی ڈی ایم کی جانب سے 23مارچ کو ہونیوالے لانگ مارچ کیلئے کارکنوں کو تیاریاں تیز کرنی ہونگی کیونکہ پی ڈی ایم ہی کی سیاسی جمہوری تحریک اس ملک کو مزید تباہی سے بچا سکتی ہے اور اسے ترقی وخوشحالی کی جانب گامزن کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ کے کارکنوں کو یہ فخر حاصل ہے کہ اْ ن کے بانی خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی جیسے عظیم قومی رہنماء تھے جنہوں نے برصغیر پاک وہند اور پشتونخواوطن کی آزادی کی تحریک میں عظیم رہنماء کی حیثیت سے فعال اور رہنماء کردار اد ا کیا اور پھر اس ملک میں محکوم اقوام ومظلوم عوام کے حقوق کیلئے تاریخ ساز جدوجہد کرتے ہوئے سالہا سال قید وبند کی صعوبتیں برداشت اور آخر کار اسی جدوجہد کی راہ میں جام شہادت نوش کیا۔ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی اپنے سوانح عمری میں لکھتے ہیں کہ ”میں نے زندگی میں کوئی گناہ کبیرہ نہیں کیا“ اپنے آپ کو خان شہید کا پیروکار کہلانے والوں کو باکردار ہونا ہوگا اورہم سب کو خان شہید کے بتائے گئے نظریات وافکار پر کاربند ہوکر ان کے مشن کی تکمیل کرنی ہوگی۔ انہو ں نے کہا کہ ہرنائی زلزلہ زدگان کے ساتھ جاری ناانصافیاں کسی صورت برداشت نہیں ہمارے عوام غیور اور محنت کش ہیں قدرتی آفات کے باعث ہونیوالی تباکاریوں نے ان سے اپنے گھر تک چھین لیا ہے حکومت آواران طرز پر ان کیلئے مکانات کی تعمیر کو یقینی بنائیں اور ان کی ہر قسم کی مالی،معاشی اور امدادی سامان کی مدد وتعاون کریں۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.