Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

نواز شریف کی واپسی کیلئے قانونی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ اپوزیشن کی حکومت کو غیرمستحکم کرنے اور فوج کو بدنام کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنائیں اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو لندن سے واپس لانے کے لیے ایک قانونی حکمت عملی تیار کریں۔

رپورٹ کے مطابق انہوں نے یہ ہدایات اپوزیشن کے بیانیہ کا مقابلہ کرنے کے لیے حال ہی میں بنائی گئی کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

مذکورہ کمیٹی وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری، شفقت محمود اور پرویز خٹک پر مشتمل ہے۔

ادھر اس اجلاس میں موجود ایک ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان سابق وزیراعظم نواز شریف کو لندن سے واپس لانے کے لیے پرعزم ہیں اور انہوں نے کمیٹی اراکین کو ہدایت کی کہ ایک قانونی حکمت عملی تیار کریں کیونکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان حوالگی کے معاہدے کی عدم موجودگی میں مسلم لیگ (ن) کے قائد کی ملک بدری مشکل ہوگی۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے ڈان کو بتایا تھا کہ انہوں نے نواز شریف کی واپسی کے لیے برطانوی حکام کو نئے خطوط لکھے ہیں، مزید یہ کہ ان کی حوالگی کے لیے باضابطہ طور پر ایک درخواست بھی بھیجی گئی تھی۔

وزیراعظم کے مشیر کا یہ خیال تھا کہ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان حوالگی کا کوئی معاہدہ نہیں تاہم خصوصی معاہدوں کے تحت مطلوب شخص ایک دوسرے کے حوالے کیا جاسکتا ہے۔

ادھر اجلاس میں موجود ذرائع کا کہنا تھا کہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر ملے گی اور یومیہ کے حساب سے منصوبہ بندی بنائے گی کہ اپوزیشن کی پارلیمنٹ، میڈیا اور سیاسی محاذ پر مقابلہ کیسے کریں۔

اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے مسلم لیگ (ن) کے ان 5 ‘باغی’ اراکین سے بھی رابطے کا فیصلہ کیا گیا جنہوں نے حال ہی میں پارٹی قیادت کو اطلاع دیے بغیر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی۔

اس موقع پر وزیراعظم کے حوالے سے بتایا گیا کہ عمران خان نے اپوزیشن کے ڈیزائنز کو شکست دینے اور فوج سمیت ریاستی اداروں کے دفاع پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ‘فوج کے دشمن درحقیقت پاکستان کے دشمن ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ انہیں حکومت کے خلاف اپوزیشن کی مہم سے کوئی خطرہ نہیں، ساتھ ہی انہوں نے ایک مرتبہ پھر قومی مفاہمتی آرڈیننس (این آر او) کے طرز کی رعایت کو مسترد کردیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.