صدر عارف علوی نے کہا کہ زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے جدید زرعی ٹیکنالوجی اپنانے کی ضرورت ہے، زرعی شعبے کی پیداور بڑھانے کے لیے زراعت میں ای۔اسٹریٹجی تشکیل دینا ضروری ہے۔
صدر عارف علوی نے ان خیالات کا اظہار ٹیکنالوجی کے زراعت، تحفظ خوراک، تعلیم کے شعبوں میں استعمال کا جائزہ لینے کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ زراعت کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے وزارتیں آپس کے رابطوں کو بہتر بنائیں، صدر عارف علوی نے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں ایک مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دیں۔
انھوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے زراعت میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جا سکتا ہے، تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کو فروغ دینے کے لئے ڈیجیٹل خواندگی ضروری ہے۔
انھوں نے کہا کہ فاصلاتی تعلیم ہنرمند افرادی قوت اور آن لائن ووکیشنل تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر فوڈ سیکیورٹی نے اجلاس کو زراعت کی ترقی کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا، وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی زراعت کے شعبے میں جدت لانے میں معاونت کرے گی۔
وفاقی وزیر امین الحق نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ وزارت آئی ٹی کسانوں کو زرعی معلومات اور مسائل کے حل کے لیے ایپ متعارف کرائے گی۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کورونا کے دوران آن لائن تعلیم کی فراہمی کے لیے وزارت تعلیم کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں زراعت میں جدت کا روڈ میپ تیار کرنے کے لیے وزارت خوراک کے قائدانہ کردار پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں کسانوں سے متعلق ڈیٹا بیس تیار کرنے اور انسانی وسائل کی تربیت کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء سید امین الحق، سید فخر امام، فواد چوہدری اور شفقت محمود نے شرکت کی۔