Daily Mashriq Quetta Urdu news, Latest Videos Urdu News Pakistan updates, Urdu, blogs, weather Balochistan News, technology news, business news

قومی کھیل ہاکی کے فروغ کیلئے حکومت پر عزم ہے ، جام کمال

0

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کوئٹہ :  وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ قومی کھیل ہاکی کو فروغ دیتے ہوئے ماضی کی طرح ایک بار پھر عالمی سطح پر پاکستان کے نام کو اس کھیل کے حوالے سے روشن کیا جائے۔ انشاء اللہ قومی کھیل ہاکی کو دوبارہ زندہ کیاجائے گا اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے بلوچستان میں بہت جلد ہاکی لیگ کا انعقاد کیا جائے گا۔ قومی کھیل کو آگے لے جانے کے لئے حکومت پر عزم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان وزیراعلی گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزراء میر سلیم احمد کھوسہ، میر عارف جان محمد حسنی، مٹھا خان کاکڑ، مشیر کھیل عبدالخالق ہزارہ، رکن قومی اسمبلی نوابزادہ عامر خان مگسی، سینیٹر دنیش کمار، رکن صوبائی اسمبلی لالہ رشید بلوچ، پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ بلیدی، رکن صوبائی اسمبلی شاہینہ کاکڑ، سیکرٹری کھیل و امور نوجوانا ن عمر ان گچکی، ڈائریکٹر جنرل کھیل درا بلوچ، سابق ہاکی اولمپئنز، بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن سمیت شائقین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی مشیر کھیل عبدالخالق ہزارہ نے بھی خطاب کیا۔وزیراعلیٰ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کھیلوں سے صحت مند تفریح سمیت معاشرے میں برداشت کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ ٹورنامنٹ کے انعقاد سے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کارلارہی ہے۔ نوجوان کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ملک اور قوم کا نام روشن کریں ہم نوجوانوں کی ہر فورم پر حوصلہ افزائی کریں گے،کھیلوں کو فروغ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے محکمہ کھیل کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور انفرااسٹرکچر کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ پاکستان کی سطح پر 17سال بعد بلوچستان میں ایک اچھے اور بڑے ایونٹ کا انعقاد کرایا گیا۔ پاکستان بھر سے اس ایونٹ میں شرکت پر ہم کھلاڑیوں کے مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کا جس اچھے انداز سے آغاز ہوا تھا اسی طرح آج ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ ہم پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ہر کھلاڑی کے شکرگزار ہیں جو آج بھی ملک کا نام روشن کرنے کے لیے محنت کر رہے ہیں۔ آج کے دن پاکستان نے ماضی میں بہترین ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اگلے سال ایسے بڑے ایونٹ منعقد کرائے جائیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے فٹبال، اسکواش سمیت دیگر مقابلوں کا انعقاد بھی کیا ہے۔حکومت کوئٹہ کے لوگوں کو پاکستان کی سطح کے ایونٹ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے کہ لوگ یہاں آئیں۔ اسی طرح صوبے بھر میں سہولیات دیں گے تاکہ شائقین یہاں آئیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ آرمی، واپڈا اور نیشنل بنک سیمت تمام ٹیموں نے اچھا کھیل پیش کیا۔وزیراعلی نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر محکمہ کھیل اور منتظمین مبارک باد پیش کی اور خاص طور سے جیو سپر کی جانب سے ٹورنامنٹ کے تمام میچز کی براہ راست کوریج پر شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل وزیراعلی بلوچستان نے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کے ہمراہ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ دیکھا۔ٹورنامنٹ کا فائنل واپڈا کی ٹیم نے نیشنل بنک آف پاکستان کی ٹیم کو شکست دے کر جیت لیا۔ آخر میں وزیراعلی بلوچستان نے فاتح ٹیم کو 15 لاکھ روپے نقد انعام اور ٹرافی دی جبکہ رنر ٹیم میں 10لاکھ روپے و ٹرافی اور تیسری پوزیشن پر آنے والی پاکستان آرمی کی ٹیم میں 5 لاکھ روپے نقد انعامات تقسیم کیے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.