یورپی ملک بیلجیم کی عدالت نے ایک خاتون آرٹسٹ کا ڈی این اے سابق بادشاہ سے میچ ہونے کے بعد انہیں شہزادی کا خطاب دے دیا۔
مذکورہ خاتون کے ڈی این اے رواں برس جنوری میں سابق بادشاہ البرٹ دوئم سے میچ ہوگئے تھے، جس کے بعد انہوں نے خاتون کو اپنی بیٹی تسلیم کیا تھا۔
اس سے قبل وہ کئی سال سے مذکورہ خاتون کو بیٹی تسلیم کرنے سے انکار کرتے آ رہے تھے۔
بیلجیم کے سابق بادشاہ البرٹ دوئم نے جس 52 سالہ خاتون ڈیلفین بوئل کو اپنی بیٹی تسلیم کیا تھا انہوں نے 2013 کے بعد بادشاہ کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔
ڈیلفین بوئل نے ابتدائی طور پر 1999 میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ بادشاہ البرٹ دوئم کی ناجائز بیٹی ہیں۔
ڈیلفین بوئل نے اس وقت یہ دعویٰ کیا تھا جب کہ بادشاہ کی اہلیہ شہزادی پاؤلا کی سوانح عمری 1999 میں سامنے آئی تھی جس میں انہوں نے اپنے شوہر کے معاشقوں کا بھی ذکر کیا تھا۔