اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر ہماری ٹیم اے کو گرفتار کر لیا گیا تو ہماری ٹیم بی بھی موجود ہے، اگر انہیں بھی حراست میں لے لیا گیا تو عوام ساتھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا حکومت کے ساتھ بات چیت کا تجربہ ناکام رہا، وزیراعظم کسی بھی قومی معاملے پر اپوزیشن سے بات کرنے کو تیار نہیں۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم سمجھتے ہیں وہ خود اکیلے ہی یہ بوجھ اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے لیکن حکومت خاموش ہے، نوازشریف کی گزشتہ روز کی تقریر عوامی معاملات اور مشکلات سے متعلق تھی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نوازشریف ہماری رہنمائی کے لیے ہمیشہ موجود رہتے ہیں، خواجہ آصف کی آ صف زرداری سے متعلق بیان پر معذرت اچھی بات ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے معافی مانگ لی ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ میرا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا اگر میرے بیان سے سابق صدر کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں۔
خواجہ آصف نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا’میں بار بار یہی کہوں گا کہ مجھے آصف زرداری پر یقین نہیں‘۔
نجی ٹی وہ کو دیئے گئے انٹرویو میں ن لیگی رہنما نے کہا تھا’ میں بار بار کہوں گا کہ مجھے آصف زرداری پر یقین نہیں ہے‘۔