اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کراچی والوں کے لیے بجلی ایک روپے 9 پیسے فی یونٹ سے لے کر 2 روپے 89 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔اس طرح کراچی والوں پر سالانہ 24 ارب روپے سے زیادہ کا بوجھ پڑے گا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یکم ستمبر سے کے-الیکٹرک کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی۔کے-الیکٹرک کے مطابق کراچی کے صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی ایک روپے 9 پیسے سے 2 روپے 89 پیسے تک مہنگی ہوجائے گی۔ایسے صارفین جو 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں ان کے لیے موجودہ نرخ ہی برقرار رہیں گے۔
اسی طرح ایسے صارفین جو 301 سے 700 یونٹ تک استعمال کرتے ہیں ان کے لیے فی یونٹ بجلی 19 روپے 25 پیسے ہوگی۔کے-الیکٹرک کے ایسے صارفین جو 700 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرتے ہیں ان کے لیے ایک یونٹ 22 روپے 35 پیسے کا ہوگا۔کراچی میں صنعتی صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ مہنگی ہوگی۔