بلوچستان میں زراعت کے شعبے میں بہتری لانے کیلئے دوست ملک ترکی مشینری فراہم کررہی ہے، زمرک خان اچکزئی
کوئٹہ : صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں زراعت کے شعبے میں بہتری لانے کیلئے دوست ملک ترکی مشینری فراہم کررہی ہے جس سے بلوچستان میں زراعت کے شعبے سے پیداوار میں اضافہ ہوگا، ترکی نے ہمیشہ بلوچستان کے ساتھ ہرممکن تعاون کرنے کی کوشش کی ہے۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے ترکی میں ترکی حکام سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے لوگوں کا انحصار لائیو سٹاک اور زراعت پر منحصر ہے مگر طویل خشک سالی کی وجہ سے زراعت کا شعبہ شدید متاثر ہو اہے اور بلوچستان کے زمیندار کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑرہا ہے تاہم موجودہ حکومت کے آتے ہی زراعت کے شعبے میں بہتری لانے اچھی منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھانا شروع کئے۔ انہوں نے کہاکہ ترکی نے بھی بلوچستان میں زراعت کے شعبے میں بہتری لانے کیلئے ہر قسم کی تعاون کی پیشکش کی ہے اور ان کی جدید نئی مشینری کے ذریعے بلوچستان میں زراعت کا شعبہ مزید ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کے تعاون سے آئندہ ایک دو سالوں میں بلوچستان لائیو سٹاک اور زراعت کے شعبے میں ترقی کر ے گی۔ ترقی کے علاوہ مختلف ممالک نے بلوچستان کے زراعت میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور جلد ہی بلوچستان کے زمینداروں اور عوام کو خوشخبری ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہماری ہمیشہ کوشش ہے کہ زراعت کے شعبے میں بہتری لائی جائے کیونکہ زراعت کا شعبہ ہمارا مستقبل ہے اور اس مستقبل کیلئے قربانیاں دینا پڑے گی۔