جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو بے سری لوریاں سنا کر اپنا وقت پورا کر رہی ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کے اعصاب جھنجھوڑ کے رکھ دیئے ہیں۔
سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وافر چینی ہونے کے باوجود 100 روپے کلو سے زیادہ میں فروخت ہو رہی ہے۔ یہ چینی مافیا کو نوازنا نہیں تو اور کیا ہے؟ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے فروری میں اس لیے کم یوٹرن اور جھوٹ بولے کہ مہینے کے دن کم تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے قول و فعل میں تضاد ہے، تبدیلی کے وعدے ہوا میں تحلیل ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ بڑھتی مہنگائی پر جماعت اسلامی 12 مارچ کو فیصل آباد، 21 مارچ کو ملتان میں جلسہ عام کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد آپشن ہے۔ ہم فرد کی نہیں اللہ اور رسول کے نظام کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ ملک کو حقیقی معنوں اسلامی خوشحال بنا سکتے ہیں۔ قوم نے جماعت اسلامی کو موقع دیا تو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔