پاکستان بھر میں آج بھارت کے یوم آزادی پر یوم سیاہ منایا جائے گا

0

اسلام آباد: بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور  نہتے کشمیریوں پر جارحیت کیخلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری عوام آج بھارت کے یوم آزادی کو یومِ سیاہ کے طور پر منائیں گے۔

قومی سلامتی کمیٹی اور حکومتی فیصلوں کی روشنی میں آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائیگا اس ضمن میں وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق آج ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہیگا۔ چاروں صوبائی حکومتیں بھی بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منائیں گی۔

بھارتی جارحیت، مظالم اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیر آئینی اقدام کیخلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور خصوصی تقریبات منعقد ہونگی جس میں مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا جائیگا اور بھارت کی ریاستی دہشتگردی اور مظالم کے خلاف آواز بلند کی جائیگی۔ پنجاب حکومت نے صوبہ کے تمام کمشنرز اور36اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، سرکاری اداروں کے سربراہان کے نام باقاعدہ سرکلر جاری کیا ہے جس میں یہ حکم دیاگیا ہے ریلیوں میں شریک تمام افراد بطوراحتجاج بازوؤں پرسیاہ پٹیاں باندھیں گے۔

ریلیوں میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرائے جائیں گے، سرکلر میں پنجاب بھر میں سرکاری، پرائیویٹ مارتوں،گھروں،کمرشل پراپرٹیز،پلازوں پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرانے کے ساتھ بھارتی بربریت کیخلاف سیاہ پرچم لہرانے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پنجاب کے ہرشہر میں بڑی احتجاجی ریلیاں نکالنے کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔

پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز، پولیس افسران کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کے ان تمام ریلیوں کے لیے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے بھی یوم سیاہ کی تقریبات کو حتمی شکل دیدی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم سیاہ پر آزاد کشمیر میں جلسہ کریگی جبکہ حریت کانفرنس کی جانب سے بھارتی ہائی کمیشن کی جانب احتجاجی مظاہر ہ کیا جائیگا۔ راولپنڈی میں طلبہ ریلی نکالیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.