محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کردی

0

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے جمعہ اور ہفتے کے روز ملک بھر میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر پورے ملک میں شدید بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کردی ہے، اور کہا ہے کہ 28 فروری جمعہ سے 29 فروری ہفتہ کے روز ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ مارچ میں پورے ملک میں اچھی بارشوں کی پیش گوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ اور ہفتے کے روز اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں موسم بہار کی پہلی بارش کا امکان ہے اور انہی دنوں میں گلگت بلتستان اور ہنزہ کی وادیوں میں بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کے روز خطہ پوٹھوہار میں گندم کی کاشت کے بارانی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اوربعض علاقوں میں ژالہ باری کا امکان ہے جب کہ انہی دنوں میں میانوالی، خوشاب، بھکر، سرگودھا،حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
جمعہ کے روز ضلع ڈیرہ غازی خان، راجن پور، ملتان، خانیوال، ساہیوال، اوکاڑہ، بہاولپور، ژوب، کوئٹہ اور پشین کے اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.