نیو یارک: (ویب ڈیسک) افغانستان میں امن کے لیے امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات ختم ہونے کے بعد امریکی ایوان نمائندگان سے زلمے خلیل زاد کو بلاوا آ گیا۔
خبر رساں ادارے نیو یارک ٹائمز کے مطابق امریکی کانگریس نے افغان مذاکرات میں ملکی نمائندگی کرنے والے مذاکرات کار زلمے خلیل زاد کو ایوانِ نمائندگان کے اجلاس میں شریک ہو کر مذاکراتی عمل کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی کانگرنیس کے ارکان نے خلیل زاد کو پابند کیا ہے کہ 19 ستمبر کو ایوانِ نمائندگان کے اجلاس میں شریک ہوں۔
ایوانِ نمائندگان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے سربراہ ایلیٹ اینگل نے زلمے خلیل زاد کو اجلاس میں طلب کرنے کا خصوصی حکم نامہ جاری کیا ہے۔
چند روز قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کو اچانک منسوخ کرنے کے اعلان کے ساتھ ساتھ تقریباً طے شدہ ڈیل کو مردہ بھی قرار دے دیا تھا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغان طالبان کیساتھ مذاکرات اس وقت معطل کر دیئے تھے جب کابل میں ایک امریکی فوجی کے ہلاکت اور سویلین شہریوں کے مارے گئے تھے۔