خالد مقبول صدیقی حکومت سے الگ نہیں ہو رہے صرف وزارت چھوڑ رہے ہیں، اسد عمر

0

 اسلام آباد /  لاہور: وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر کا کہنا ہے کہ خالد مقبول صدیقی حکومت سے الگ نہیں ہو رہے، وہ صرف وزارت چھوڑ رہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز سے گفتگو کے دوران اسد عمر نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی حکومت سے الگ نہیں ہو رہے، وہ صرف وزارت چھوڑ رہے ہیں اور کابینہ سے علیحدگی ایم کیو ایم پاکستان کا نہیں، خالد مقبول صدیقی کا اپنا فیصلہ ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ پیر کے روز ہماری ایم کیو ایم کے ساتھ کراچی ٹرانسمیشن کمیٹی میں بات چیت طے ہے، وزیراعظم سے میری بات نہیں ہوئی مگر انہیں معلوم ہے کل ہم کراچی کمیٹی میں بیٹھ رہے ہیں خالد مقبول صدیقی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات ہوئی تو انہوں نے کہا کہ اب وفاقی حکومت پر منحصر ہے وہ کیا کرتی ہے، کمیٹی میں بیٹھیں گے تو دیکھیں گے کیا کچھ کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ خواب دیکھنے اور خواہشات پر کوئی پابندی نہیں ہے، رانا ثنا اللہ اپوزیشن میں ہیں وہ تو ایسی ہی بات کریں گے کہ حکومت آج یا کل گئی، اتحادی جماعتیں ہمارے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گی، ایم کیو ایم بھی ہماری اتحادی جماعت ہے، اس لئے ان کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کراچی ہماری شہ رگ ہے، وزیراعظم کاوژن ہےکراچی کو دنیا کے بہترین شہروں کی طرح سہولیات دینی ہیں، کراچی کے مسائل کوئی ایک جماعت حل نہیں کر سکتی، سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت نہ ہونا چیلنج ہے، ایم کیو ایم ہماری اتحادی جماعت ہے اور رہے گی، ہر جماعت کا اپنا نقطہ نظر ہوتا ہے، تحریک انصاف ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.