افغانستان میں امریکی ایئربیس پر خود کش حملہ اور مسلح افراد کی فائرنگ

0

کابل: افغانستان میں امریکی ایئربیس سے منسلک زیر تعمیر اسپتال پر خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار  ٹکرا دی جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صوبہ پروان کے ضلع بگرام میں امریکا کی سب سے بڑی ایئر بیس سے منسلک زیر تعمیر اسپتال کی عمارت پر خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری کار ٹکرادی جس کے بعد مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے ایئربیس میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

امریکی ایئر بیس میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مسلح افراد کو سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا رہا، زوردار دھماکے اور دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک ہوگئیں جب کہ 60 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

اتحادی افواج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 7 مسلح افراد نے 4 بارود سے بھری گاڑیوں کی مدد سے حملہ کیا تھا۔ افغان فوج اور اتحادی افواج نے فوری ردعمل دیتے ہوئے مسلح افراد کا حملہ ناکام بنایا اور دو گاڑیوں میں بھرا باردو ناکارہ بنادیا گیا ہے۔ ہمارا کوئی فوجی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ حملہ آوروں نے اُسی ایئر بیس کو نشانہ بنایا ہے جہاں کا کچھ دنوں قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اچانک دورہ کیا تھا اور 3 ماہ سے معطل افغان امن مذاکرات دوبارہ قطر میں بحال ہوچکے ہیں۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.